جہلم کے متعدد سکولوں، کالجوں کے اردگرد گندگی اور غلاظت کے ٹیلے، موذی امراض پھوٹنے کا اندیشہ

0 67

جہلم: شہر کے متعدد سکولوں، کالجوں کے اردگرد گندگی اور غلاظت کے ٹیلے، موذی امراض پھوٹنے کا اندیشہ، شہریوں کا ڈپٹی کمشنرسے نوٹس لینے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق شہر میں واقع سکولوں کالجوں کے داخلی و خارجی راستوں کے سامنے اور اردگرد کوڑے کرکٹ کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں اور نالیوں کا گندا پانی بھی مزید تعفن کا باعث بن رہا ہے۔

علاقہ مکینوں سمیت سکولوں کالجوں میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کے والدین نے ڈپٹی کمشنر، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کو اس اہم مسئلے پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

علاقہ مکینوں کا گندگی اور کوڑے کرکٹ کے ڈھیروں بارے کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی کے سینٹری ورکر تواتر سے صفائی ستھرائی نہیں کرتے جس کی وجہ سے علاقہ مکین اپنے گھروں کا کوڑا کرکٹ سرکاری اداروں کے اردگرد پھینک دیتے ہیں، جس کی وجہ سے تعلیمی اداروں کے باہر کوڑے کرکٹ کے ڈھیر لگے ہوتے ہیں۔

علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ تعلیمی درسگاہوں کے باہر قائم ہونے والے گندگی کے ڈھیروں کو اٹھانے کے لئے میونسپل کمیٹی کے شعبہ سینٹیشن کے ذمہ داران کو پابند بنایا جائے تا کہ سکولوں کالجوں میں زیر تعلیم بچے صاف ستھرے ماحول میں تعلیم حاصل کر سکیں اور بیماریوں سے محفوظ رہیں۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.