پی ایس ایل کرکٹ میچز پر روزانہ کی بنیاد پر کروڑوں کا جواء، جہلم پولیس لسی پی کر سو گئی

جہلم: پی ایس ایل کرکٹ میچز پر روزانہ کی بنیاد پر کروڑوں کا جواء مقامی پولیس لسی پی کر سو گئی۔ شہر بکیوں اور جواریوں کا فیورٹ سٹی قرار، قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی ، شہریوں کا ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق پچھلے چند روز سے منعقد ہونے والے پی ایس ایل کرکٹ میچز پہ جواریوں نے روزانہ کی بنیاد پر کروڑوں روپے کا جواء کھیلا جارہا ہے، جس میں جواری لاکھوں کروڑوں کی جمع پونجی لوٹا رہے ہیں۔
اندرون شہر کے گنجان آباد علاقوں میں موجود بکیوں نے سرعام اپنے جوئے کے اڈے قائم کر رکھے ہیں جس میں ہر ایک سکور اور کھلاڑی آوٹ اور نو بال وائیٹ بال، چوکا، چھکا اور ہر گیند پر لاکھوں کروڑوں کا جواء لگایا جاتا ہے۔
ایک جواری نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ شہر کے گنجان آباد علاقوں، ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں بکیوں نے سرعام اپنے ٹھکانے قائم کررکھے ہیں۔ اس طرح بکیوں نے ایپ متعارف کروا رکھی ہے، جواری ایپ ڈاؤنلوڈ کرکے پی ایس ایل کرکٹ میچز پر جواء کھیلتے اور جمع پونجی لٹاتے نظرآتے ہیں۔
مقامی پولیس اس حوالے سے پوری طرح آگاہ ہے لیکن بکیوں کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی حالانکہ جہلم پولیس نے گلی محلوں میں جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی کے لئے محافظ سکوارڈ تعینات کررکھے ہیں اس کے باوجود متعلقہ تھانوں کی پولیس بکیوں کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔
شہریوں نے ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔