ملک میں قانون اور حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ ڈاکٹر طارق سلیم

جہلم: جماعت اسلامی پاکستان 10 تا 12 فروری لاہور تا راولپنڈی مار گئی مہنگائی مارچ کر رہی ہے جس کا مقصد موجودہ بے پناہ مہنگائی، بدامنی و لاقانونیت سے پسی عوام کی ترجمانی کرنا ہے۔ اشیائے خوردونوش، پٹرول، بجلی و گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتیں عوام کی زندگی کو اجیرن کر رہی ہیں جب کہ حکمرانوں کے اللے تللے ختم ہونے میں نہیں آ رہے۔
ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے یہاں جماعت اسلامی ضلع جہلم کے مرکزی دفتر مشین محلہ نمبر 1 میں پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کابینہ جس کی تعداد اب تک 83 تک پہنچ چکی ہے خزانے پر بوجھ بنی بیٹھی ہے جبکہ عوام کو ایک پیسے کا ریلیف نہیں دیا جا رہا۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول پچھلے 9 ماہ میں اللہ اللہ کر کے 249 سے 215 تک آیا تھا جس کو یکمشت 35 روپے بڑھا کر عوام پر مہنگائی کا بوجھ لا د دیا گیا ہے ۔ سابقہ ادوارصرف بجٹ میں سال میں ایک دفعہ قیمتوں میں رد و بدل ہوتا تھا لیکن اب روزانہ کے حساب سے قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔
ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ میں چیلنج کرتا ہوں کہ کوئی بڑے سے بڑا معیشت دان بیس، پچیس ہزار روپے تنخواہ لینے والا کا بجٹ بنا کے دکھا دے، بد امنی و لا قانونیت یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ تھانوں پر حملے شروع ہو چکے ہیں، میں گزشتہ روز اس تھانے کا وزٹ کر کے آیا ہوں جہاں حملہ ہوا، یقین مانیے ملک میں قانون اور حکومت نام کی کوئی چیز نہیں آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈالر 300کو پہنچ رہا ہے، آٹا، چینی، گھی، دالیں، بجلی، گیس، پٹرول عوام کی پہنچ سے دور ہو رہے ہیں اور افسوس اس بات کا ہے کہ اب لوگ زندگی کی گاڑی کو چلانے کیلئے اپنی عصمتیں تک لٹانے پر مجبور ہیں، ان حالات میں ملک کی واحد اپوزیشن اور عوام کی حقیقی ہمدرد جماعت کے لیڈر سراج الحق نے مہنگائی مارچ کا فیصلہ کیا۔
ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ یہ تین روزہ مارچ 10فروری کو لاہور سے شروع ہو کر پہلے دن گوجرانوالہ قیام کرے گا، 11 فروری کو گوجرنوالہ سے گجرات پہنچے گا اور اتوار 12فروری کو دن دو بجے جہلم جادہ چوک، تین بجے دینہ اور چار بجے سوہاوہ پہنچے گا، ضلع جہلم کی جماعت نے اس حوالے سے بھرپور تیاریاں شروع کر رکھی ہیں ۔ انشاءاللہ جماعت کے ارکان ، کارکنان اور عام شہری اپنی حقیقی لیڈر سراج الحق کا شایان شان استقبال کرکے یہ ثابت کریں گے کہ آنے والا دور جماعت اسلامی کا ہے۔
انہوں نے کہا کے کراچی میں جماعت اسلامی سب سے زیادہ ووٹ لینے والی جماعت ہے لیکن غیر قانونی ہتھکنڈوں سے اسے میئر شپ سے دور رکھا جا رہا ہے لیکن اب عوام جاگ چکے ہیں اور جان چکے ہیں کہ کون ان کا حقیقی ہمدرد اور خیر خواہ ہے ۔ انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بھی اپیل کی کہ آپ بے شک جماعت اسلامی پر تنقید کریں لیکن اس کے اچھے کاموں کو ہائی لائیٹ بھی کیا کریں۔
اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق، ضلعی امیر ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری، ضلعی جنرل سیکرٹری راجہ ندیم احمد اور پی پی 26 سے جماعت اسلامی کے امیدوار مرزا محمد افضال، نائب صدر جے آئی یوتھ ضلع جہلم ڈاکٹر صفدر بابر چوہدری، نائب امراء جماعت اسلامی جہلم شہر عبدالخالق اور حافظ نصیر احمد بھی موجود تھے۔