صحافی معاشرے میں مسائل کی نشاندہی اور حل کا بے لوث فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔ خلیل کاظمی

جہلم: صحافی معاشرے میں مسائل کی نشاندہی اور حل کا بے لوث فریضہ سر انجام دے رہے ہیں، میڈیا کا درست کردار ملکی ترقی کی ضمانت ہے، صحافی اصلاح معاشرہ میں مسائل اور ہر رکاوٹ کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار شہر کی معروف سماجی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے جہلم پریس کلب کے صحافیوں کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جہلم پریس کلب الیکٹرانک میڈیا اور پرنٹ میڈیا سے منسلک بڑی تعد اد صحافتی ذمہ داریاں احسن طریقے سے پوری کر رہے ہیں۔ حق وصداقت کا پرچم سر بلند رکھنے والے صحافی قابل تعظیم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قلم اور کیمرہ کے ذریعے بلا خوف و خطر حقائق دنیا کے سامنے لانے والے صحافی مجاہد کی مانند ہیں، اس راہ حق میں قید و بند حتی کہ اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کرنے والے صحافی عزت کے ساتھ تاریخ میں امر ہو چکے ہیں۔
سید خلیل حسین کاظمی نے کہا کہ ضلع جہلم کے صحافیوں نے جس طرح عوامی مسائل کو اجاگر کیا اور عوامی مسائل کو اعلیٰ ایوانوں تک پہنچانے میں کردار ادا کیا اس پر پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے مالکان کا بھی بہت بڑا کردار ہے۔
انہوں نے جہلم پریس کلب اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے مالکان کو خراج تحسین پیش کیا۔