حالیہ پٹرولیم مصنوعات میں بڑے پیمانے پر اضافے نے غریب عوام کی چیخیں نکال دیں

جہلم: حالیہ پٹرولیم مصنوعات میں بڑے پیمانے پر اضافے نے غریب عوام کی چیخیں نکال دیں، غریب اور کم آمدن افراد موجودہ غیر یقینی صورتحال پر شدید پریشانی سے دوچار پہلے سے ہی طوفانی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی تھی اب تو 2 وقت کی روٹی کے بھی لالے پڑ گئے ہیں ، قوت خرید نہ ہونے سے روزمرہ کی اشیاء ضروریہ عوام کی پہنچ سے کوسوں میل دور ہوگئی ہیں۔
ٹرانسپورٹروں نے بھی کرایوں میں از خود بڑا اضافہ کر کے سفر کو مشکل بنا دیا ہے حکومت اور انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث 2 مرتبہ پٹرولیم مصنوعات میں کمی پر پبلک ٹرانسپورٹروں نے کرایوں میں کوئی کمی نہ کی لیکن جوں ہی پٹرولیم کی قیمتیں بڑھائی گئیں تو فوری من مانا اضافہ کر دیا گیا سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی پچھلے کئی ماہ سے تبدیل ہونے کیوجہ سے سیٹ خالی پڑی ہے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹرانسپورٹرز نے من مانے کرائے مسافروں سے وصول کرنے شروع کررکھے ہیں ۔
اسی وجہ سے نئے کرایے نامے گاڑیوں میں نہ تو آویزاں کئے گئے ہیں اور نہ ہی ضلعی انتظامیہ نے پنجاب روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا مقررہ کردہ کرائے پر عمل درآمد کروانے کی کبھی ضرورت محسوس کی ہے ، چنگ چی رکشہ ڈرائیور 1 کلو میٹر کا کرایہ 50 روپے فی مسافر وصول کرر ہے ہیں۔
قائم مقام سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی ، ٹریفک پولیس، موٹر وہیکل ایگزامینرکو روزانہ کی بنیاد پر مسافر گاڑیوں کو چیکنگ کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ گاڑیوں میں مقررہ مسافروں سے زائد سواریاں بٹھانے والے اور اضافی کرائے وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں تاکہ مسافروں کو ریلیف مل سکے۔