محکمہ وائلڈ لائف کی انوکھی منطق،کالے تیتر کے شکار کی کھلی اجازت،گھروں میں پالنے پر پابندی

0 23

جہلم: محکمہ وائلڈ لائف پنجاب کی انوکھی منطق،کالے تیتر کے شکار کی کھلی اجازت،گھروں میں پالنے کے لائسنس پر 2005 سے پابندی عائدکررکھی ہے،باقی تینوں صوبائی حکومتوں نے گھروں میں کالے تیتر پالنے کی اجازت دے رکھی ہے،شوقین افرادنے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ وائلڈ لائف پنجاب نے پچھلے کئی سالوں سے شوقین افراد کیساتھ نامناسب رویہ اپناتے ہوئے کالے تیتر کو گھروں میں پالنے پربلاجواز پابندی عائد کر رکھی ہے، جس پر یہ موقف اپنایا جاتا ہے کہ خطہ پوٹھوہار اور پنجاب میں کالے تیتر کی نسل معدومیت کا شکار ہے اس لیے پابندی عائد کی گئی ہے۔

دوسری جانب حیران کن اور قابل افسوس بات یہ ہے کہ اسی کالے تیتر کے شکار کا لائسنس رکھنے والوں کو محکمہ وائلڈ لائف کی طرف سے کھلی اجازت موجود ہے اور ہر اتوار کو جہلم سمیت پورے خطہ پوٹھوہار اور پنجاب بھر میں درجنوں شکاری کالے تیتر کا شکار کرتے ہوئے سینکڑوں کے حساب سے کالے تیتر ذبح کررہے ہوتے ہیں۔

اصولی طور پر شکار پر باضابطہ پابندی عائد ہونی چاہیے لیکن حکومت پنجاب نے کالے تیتر پالنے کے شوقین افراد کو اپنا شوق پورا کرنے سے محروم کر رکھا ہے۔کالے تیتر کا شوق خطہ پوٹھوار کی قدیمی ثقافت ہے۔ جن کے بولنے کے باقاعدہ حکومت سے منظور شدہ مقابلے کروائے جاتے ہیں جو کہ کسی قسم کی شرط سے پاک ہوتے ہیں۔کالے تیتر کے شوقین افرادکو تیتر رکھنے کا لائسنس پنجاب بھر میں 2005سے بندہے۔

اس حوالے سے کالے تیتر کے شوقین افراد کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت اور محکمہ وائلڈ لائف نے تیتر کے شوقین افراد کے ساتھ ناروا سلوک اپنا رکھا ہے۔ جبکہ پاکستان کے باقی تمام صوبوں میں کالے تیتر کے لائسنس جاری کرنے شروع کررکھے ہیں۔ لہٰذا پنجاب میں محکمہ وائلڈ لائف کالے تیتر کے لائسنس جاری کرے اور شکار پر پابندی عائد کی جائے تاکہ کالے تیتر کی نسل کشی کو بچایا جاسکے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.