پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سراسر غریب عوام پر ظلم ڈھانے کے مترادف ہے۔ رضوان منور

جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات چوہدری رضوان منور نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سراسر غریب عوام پر ظلم ڈھانے کے مترادف ہے جہاں عوام کو پہلے سے 2 وقت کی روٹی میسر نہیں وہاں مہنگائی رکنے کا نام نہیں لے رہی ۔
انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکمرانوں نے غریب کا جینا محال کر دیا ہے آئی ایم ایف سمیت پوری دنیا سے قرضے مانگنے کے باوجود مہنگائی دن بدن بڑھ رہی ہے ہمارا وزیر خزانہ کہتا تھا خودکشی کرلوں گا آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا اس نے گزشتہ روز اچانک آئی ایم ایف کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 35/35 روپے کا اضافہ کردیا اور ڈالر کی قیمت میں اچانک 40 روپے کا اضافہ کر کے پاکستانی عوام کو زندہ درگور کر دیا ہے۔
چوہدری رضوان منور نے کہا کہ اسی ماہ منی بجٹ پیش کرکے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا جائے گا جب کہ آئی ایم ایف کے ساتھ طے پانے والے معاہدے میں یہ شرط شامل ہے کہ بجلی کی یونٹ میں 7 روپے 50 پیسے اور سوئی گیس کی قیمت میں 74 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے جو فیصلے آج کرنے شروع کئے ہیں یہ چند ماہ پہلے کر لیتے تو عوام قرضوں کے بوجھ تلے دبنے سے بچ سکتی تھی۔