سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کمی کے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔ احسان الٰہی شاکر

جہلم: ہم سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کمی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتنے بڑے اضافے سے ملک میں مہنگائی کا ایک بہت بڑا طوفان آئے گا۔ مشکل فیصلہ یہ نہیں ہوتا کہ آئی ایم ایف کی عوام دشمن پالیسیوں کو مان کر اپنی قوم کو مہنگائی کے سیلاب میں غرق کردیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار پنجاب ایجوکیٹرزایسوسی ایشن جہلم کے ضلعی صدر احسان الٰہی شاکر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجود ہ سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ہمارا پیارا وطن پاکستان شدید معاشی بحران کا شکار ہے۔ اس صورت حال میں اگرسرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کمی لاکھوں خاندانوں کے معاشی قتل کے مترادف ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں جو ایک بہت بڑا فیصلہ کیا ہے اس سے پہلے سے موجود بے تحاشا مہنگائی میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔جس سے عام پاکستانی کی زندگی اجیرن ہوجائے گی۔ اس صور ت حال میں اگر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی بجائے کمی کردی گئی تو لاکھوں خاندان مہینے کا بجٹ بنانے کے قابل بھی نہیں رہیں گے اور یہ ان لاکھوں خاندانوں کے معاشی قتل کے مترادف ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر کسی بھی پڑھے لکھے باشعور پاکستانی سے پوچھا جائے کہ ملک کے موجودہ معاشی بحران سے نکلنے کا راستا کیا ہے تو اس کا کہنا یہی ہوگا کہ اس صورت حال سے نکلنے کا واحد راستا صرف اور صرف یہی ہے کہ ملک میں فوری طور پر عام انتخابات کرائے جائیں تاکہ عوامی مینڈیٹ سے بننے والی حکومت ملک کے لیے کوئی واضح پالیسی بنا سکے۔