نظریاتی وہ ہی ہیں جو مشکل وقت میں کپتان اور فواد چوہدری کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پی ٹی آئی جہلم

جہلم: سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر اور سابق وفاقی وزیر ہیں جو اپنے کپتان کے ساتھ ڈٹ کے کھڑے ہیں جبکہ مشکل وقت آنے پر آہستہ آہستہ کرکے مکرو چہرے بے نقاب ہو رہے ہیں،فواد چوہدری نے حلقے میں اربوں کے ترقیاتی کام کروائے، وہ جہلم کی شان اور فخر پاکستان ہے۔
ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی کے ضلعی صدر چوہدری غلام احمد زمرد یعقوب، سینئر نائب صدر راولپنڈی ریجن سید رفعت زیدی، تحصیل صدر دینہ چوہدری انور، تحصیل صدر پنڈدادنخان شفقت بلال گوندل، تحصیل صدر جہلم سید ابرار شاہ، تحصیل صدر سوہاوہ مرزا جمشید، سیکرٹری اطلاعات چوہدری رضوان منور، ضلعی صدر شعبہ خواتین رشیدہ عزیز، تحصیل صدر سمیرا افضل، جنرل سیکرٹری سعدیہ راجہ، یوتھ ونگ کے صدر چوہدری یاسر، جنرل سیکرٹری ابوبکر ڈار، اقلیت ونگ کے صدر مائیکل جیمز، جنرل سیکرٹری ایرک وکٹر، انصاف لائیر ونگ کے صدر چوہدری نوید، جنرل سیکرٹری یاسر علی قریشی نے مشترکہ بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ چار کے ٹولے نے جو فواد چوہدری کے خلاف اپنے آقاؤں کے اشاروں پر جو پریس کانفرنس کی اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں ایسے افراد نظریاتی نہیں خیراتی ہیں جو پی ٹی آئی کی قیادت کے خلاف پراپیگنڈے کریں ایسے افراد کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے، نظریاتی وہ ہی ہیں جو مشکل وقت میں کپتان اور فواد چوہدری کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پی ٹی آئی کی ضلعی قیادت نے کہا کہ ضلعی تنظیم اپنے کپتان عمران خان اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ رجیم چینج کے بعد فواد چوہدری نے کھل کر پارٹی کا موقف بیان کیا۔ جہلم میں ضلعی جنرل سیکرٹری فراز چوہدری متحرک رہے جبکہ نام نہاد ٹولہ عمران خان کی کال پر کسی احتجاج میں شریک نہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ محمود مرزا جہلمی نے گزشتہ عام انتخابات میں ٹکٹ نہ ملنے پر پیپلز پارٹی سے بیٹے کا ٹکٹ حاصل کیا انتخابی مہم چلائی اور صرف پانچ ہزار ووٹ لیے انکو اپنی مقبولیت کا اندازہ ہو گیا، فواد چوہدری قوم کے ہیرو پاکستانی عوام کی آواز اور حقیقی آزادی کی علامت ہیں اور عمران خان کے قافلے کے صف اوّل کے لیڈر ہیں اور تحریک انصاف کی قیادت سمیت پاکستانی قوم کو ان پر فخر ہے۔
ضلعی قیادت نے کہا فواد چوہدری پر کرپشن کا کوئی کیس نہیں، سب جانتے ہیں جہلم میں محکمہ اوقاف کی اراضی پر کہاں کہاں کون کون قابض ہے،کوئلے کی کانیں کیسے فراڈ کے ذریعے کس نے اپنے نام کروائیں،سائیکل سے لگثری گاڑیوں تک کون کیسے پہنچا،وقت آنے پر حقائق سامنے لائیں گے۔