ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات کا ڈسٹرکٹ جیل جہلم کا دورہ، سہولیات اور سکیورٹی کا جائزہ لیا

جہلم: سعید اللہ گوندل ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات راولپنڈی ریجن راولپنڈی نے ڈسٹرکٹ جیل جہلم کا دورہ کیا۔
ان کے ہمراہ نمائندہ نگران کمیٹی سید جرار حیدر، ایڈووکیٹ جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جہلم، فرحت ضیاء ایڈووکیٹ، ندا سجاد ایڈووکیٹ، نمائندہ بلڈنگ فہد مظہر ایکس سی این، شیخ اسلم ایس ڈی او، جنید سب انجینئر اور چوہدری واجد ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ جہلم موجود تھے۔
دورے کے دوران جیل کی اندرون و بیرون سیکیورٹی، صفائی و ستھرائی، اسیران کو مہیا کی گئی سہولیات اور اسیران کی فلاح و بہبود کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پرڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات راولپنڈی ریجن راولپنڈی نے سپرنٹنڈنٹ جیل، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل اور دیگر آفیسران کو ہدایات جاری کیں کے جیل کی سکیورٹی، صفائی اور سرچ کے عمل کو اور کار آمد بنانے اور اسیران کی فلاح وبہبود کے لیے اقدامات کو احسن طریقے سے انجام دیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ضمن میں کسی قسم کی کوئی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ دار آفیسران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس کے علاوہ انہوں نے زیر تعمیر 2 بارکس، اور 32ڈیتھ سیل کی جلد از جلد تعمیر کو یقینی بنانے کے لیے ہدایت جاری کیں تاکہ جیل میں ڈیتھ سیل کے اندر موجود اسیران کی تعداد کو کم کیا جاسکے۔