جہلم میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی بھرمار، شہری زندگی بھر کی جمع پونجی سے محروم ہونے لگے

جہلم: ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹی کے افسران و اہلکاروں کی فرائض سے غفلت ولا پرواہی، غیر قانونی و جعلی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی بھر مار، سادہ لوح شہری زندگی بھر کی جمع پونجی سے محروم ہونے لگے۔
شہر سمیت ضلع بھر میں جعلی ہاؤسنگ سوسائٹیز مالکان نے سادہ لوح عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا معمول بنا رکھا ہے جن میں اکثرسوسائٹی مالکان کے پاس ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹی کے این اوسی تو دور کی بات ، سوسائٹی مالکان سوسائٹی کے قواعد و ضوابط سے بھی نا آشنا ہیں۔ میونسپل کمیٹی اور ضلع کونسل کے افسران کی جانب سے عوام الناس کی آگاہی کے لئے کسی قسم کی تشہیر نہیں کی جاتی اور نہ ہی ایسی غیر قانونی سوسائٹیز کو کام کرنے روکا جاتا ہے۔
اس طرح انتظامیہ کی سرپرستی کیوجہ سے بااثر سوسائٹیز مالکان بغیر منظوری کے سینکڑوں ، ہزاروں فائلیں فروخت کر دیتے ہیں ، متعلقہ ذمہ داران ہاتھوں پر ہاتھ دھرے شہریوں کا تماشا دیکھتے رہتے ہیں ، اس عمل سے مختلف محکموں کے ٹیکسز بھی ضائع ہو جاتے ہیں اور بااثر افراد غریب سادہ لوح افراد سے کوڑیوں کے بھاؤ زمینیں خرید کر لاکھوں روپے فی مرلہ کے حساب سے فروخت کر دیتے ہیں ۔
اس طرح جہلم میں سٹی ہاؤسنگ بشمول ایفل ٹاؤر، واقع موضع لنگر پور، ڈھوک منور، مالدیو، موہال ( تحصیل دینہ) ، ڈائسنگ فاؤنٹین بلاک ، ہائیڈ پارک ، برل گلوبل دینہ ، منگلا گرین ، ہل ویو پلاٹنگ جہلم،مڈٹاؤن ، سٹار سٹی دینہ شامل ہیں۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری بلدیات سے مطالبہ کیاہے کہ غیر قانونی ہاو ٔسنگ سوسائٹیز مالکان سمیت متعلقہ محکموں کے ذمہ داران کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں تاکہ شہریوں کو لوٹ مار سے بچایا جا سکے۔