پی ٹی آئی نے جہلم کے پارٹی امیدواروں کو ٹکٹ کے اجراء کیلئے پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا

جہلم: پاکستان تحریک انصاف نے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کر دیں، تحریک انصاف شمالی پنجاب نے عام انتخابات کیلئے پارٹی امیدواروں کو ٹکٹ کے اجرا کے لئے پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیئے ۔
پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری فراز حسین کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ہدایات پر صدر شمالی پنجاب عامر محمود کیانی کی سربراہی میں پارلیمانی بورڈ تشکیل دیدیا گیا جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ہو چکا ہے۔
پارلیمانی بورڈ میں جنرل سیکرٹری شمالی پنجاب راجہ یاسر ہمایوں سرفراز،سرگودھا اور راولپنڈی ڈویڑن کے کوآرڈینیٹرز اور آٹھ اضلاع کے صدور و جنرل سیکرٹریز پارلیمانی بورڈ کے ممبران ہوں گے۔ ہر ضلع کے صدر و جنرل سیکرٹری صرف اپنے اپنے اضلاع کے امیدواروں کے چناؤ کے موقع پر پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ میں شرکت کر یں گے۔
ایڈیشنل سیکرٹری جنرل تحریک انصاف و صدرشمالی پنجاب عامر محمود کیانی نے ڈویژنل پارلیمانی بورڈ کی تشکیل کا باضابطہ پہلا اجلاس گزشتہ روز راولپنڈی میں منعقد کیا۔ ڈویژنل پارلیمانی بورڈ انتخابات کے لئے مضبوط امیدواروں کا چناؤ کرے گااورحتمی منظوری چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت مرکزی پارلیمانی بورڈ دے گا۔
چوہدری فراز حسین نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایات پر شمالی پنجاب میں عامر محمود کیانی کی قیادت میں پارٹی نے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کر دی ہیں اور پارلیمانی بورڈ پارٹی کے نظریاتی اور درینہ کارکنوں کو سامنے لائے گا، تحریک انصاف انتخابات میں کلین سویپ کرے گی اور پی ڈی ایم ٹولے کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دے گی۔