گورنمنٹ گریجویٹ کالج جی ٹی روڈ جہلم میں صحت عامہ کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد

جہلم: گورنمنٹ گریجویٹ کالج جی ٹی روڈ جہلم میں صحت عامہ (انسانی جسم میں فولاد کی کمی) کے حوالے سے ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
اس پروگرام کے آرگنائزر کرنل (ر) محمد عبید مرزا،سیدہ شاہدہ شاہ،مسز فلک ناز سیٹھی،مسزفروا ذیشان،مسز فرزانہ اجمل اور ڈاکٹر محمد اسد مرزا تھے۔سیمینار کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت محمد عبداللہ نے حاصل کی جبکہ شرجیل نے ہدیہ نعت رسولِ مقبول ﷺ پیش کیا۔
سیمینار سے ڈاکٹر عبدالغفور ملک،ڈاکٹر شہزانہ امتیاز اور ڈاکٹر شاہد تنویر سابق ای ڈی او ہیلتھ جہلم نے خطاب کرتے ہوئے ہوئے بتایا کہ انسانی جسم میں فولاد کی کمی کے بہت سے اسباب ہوتے ہیں اور فولاد کی ضرورت سے زیادہ کمی یا زیادتی سے انسان مختلف قسم کی بیماریوں کا شکار ہو جاتا ہے، یہ بیماریاں بسا اوقات جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہیں، ان کا علاج متوازن غذا کا استعمال ہے۔
ڈاکٹر عبدالغفور ملک نے کہا کہ جسم میں فولاد کی کمی نوجوانوں کو زیادہ متاثر کرتی ہے اس لئے انہیں گاہے بگاہے اپنا چیک اپ کرواتے رہنا چاہئے۔
ڈاکٹر شہزانہ امتیاز نے کہا کہ خون کی کمی کے شکار لوگوں کا رنگ زرد اور دل پھیلنا شروع ہو جاتا ہے۔ایسا انسان ہر وقت چڑچڑے پن کا شکار رہتا ہے، اس کی بہت سی وجوہات میں پینے کے صاف پانی کا دستیاب نہ ہونا اور متوازن غذا نہ کھانا بھی شامل ہے۔ ہمیں موسم سرما میں کم از کم تین لیٹر اور موسم گرما میں کم از کم چار لیٹر پانی پینا چاہئے۔
ڈاکٹر شاہد تنویر سابق ای ڈی او ہیلتھ نے تھیلیسیمیا کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک موروثی بیماری ہے جو والدین سے بچوں میں منتقل ہوتی ہے، اس لئے شادی سے پہلے مرد اور عورت کو اس حوالے سے اپنا میڈیکل چیک اپ کروا لینا چاہئے۔
انسانی جسم میں خون کی کمی کے حوالے سے ڈاکٹر شاہد تنویر نے مزید بتایا کہ صحت وتندرستی کے لیئے ضروری ہے کہ صبح کا ناشتہ اور رات کا کھانا بھر پور اور متوازن ہو۔ دوپہر جو بھی ہلکا پھلکا کھانا انسانی صحت کے لئے انتہائی ضروری ہے۔
سیمینار کے دیگر شرکاء میں شبیر احمد شیری اور سید اختر علی شاہ بھی شامل تھے۔ سیمینار کے اختتام پر کالج ہذا کے پرنسپل ذاہد حسین ساہی نے مہمانِ گرامی کو تحائف پیش کرتے ہوئے تمام مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا۔
سیمینار کے اختتام پر قومی ترانہ پیش کیا گیا جس کے بعد تمام مہمانوں کی بھرپور تواضع کے لئے شاندار چائے پارٹی کا انتظام کیا گیا جس کے بعد یہ سیمینار اختتام پذیر ہو گیا۔