ضلع جہلم میں بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں خوف ناک حد تک اضافہ

جہلم: سوئی نادرن گیس پائپ لائن اور آئیسکو واپڈا نے صارفین کو ذلیل کرنا وطیرہ بنا لیا، سوئی نادرن گیس پائپ لائن اور آئیسکو واپڈا نے اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں خوف ناک حد تک اضافہ ، دونوں وفاقی محکموں نے صارفین کا سکون غارت کرکے رکھ دیا۔ صارفین وفاقی محکموں کے خلاف سراپا احتجاج، ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق جمہوری حکومت نے شہریوں کے مسائل میں کمی کی بجائے بے پناہ مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ جہلم شہر اور گردونواح کے علاقوں میں صارفین چڑچڑا پن کا شکارہونے لگے، شہر کی قدیم آبادیوں جن میں مشین محلہ 1,2,3، شمالی محلہ ، پیرا غیب، سعیلہ، پروفیسر کالونی، محلہ اسلام پورہ، کریم پورہ، مدینہ ٹاؤن، کالا گجراں، مجاہد آباد میں کئی کئی گھنٹے بجلی و گیس نہیں آتی گھریلو صارفین کوسخت مسائل اور دشوا ریوں کاسامنا کرنا پڑ تا ہے۔
سردی کے موسم میں سوئی گیس کی بدترین بندش شہری ذہنی مریض بن کررہ گئے، گیس نہ ہونے سے نہ صرف کھانے پینے کا شیڈو ل متاثر ہوا ہے بلکہ متبادل ذرائع ایندھن کے حصول کے لیے ہر گھر کابجٹ بھی بری طرح متاثر ہو چکا ہے، عوامی سماجی حلقوں نے وفاقی حکومت سے مطا لبہ کیا کہ گیس کی بندش کے مسئلے کو حل کیا جائے۔ دریں اثناء صارفین سڑکوں پر نکلنے کے لئے مجبور ہونگے۔
صارفین نے اس حوالے سے اخبار نویسوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوئی گیس کی بندش اور پریشر کی کمی جیسے اہم مسئلے کو حل کرا نے کے لیے حکمرانوں کو اپنا کردار ادا کرناچاہیے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ واپڈا اور سوئی گیس دونوں اداروں نے شہریوں سے بنیادی سہولیات چھین کر شہریوں کو ماہانہ ہزاروں روپے کے بل بھجوانا شروع کررکھے ہیں جبکہ سہولیات نام کی کوئی چیز موجود نہیں۔
صارفین نے چیف جسٹس آف پاکستان اور وزیراعظم پاکستان سے شہریوں کو بلاتعطل گیس و بجلی کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔