جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں مہنگائی کا نیا طوفان اُمڈ آیا

جہلم: شہر سمیت ضلع بھر میں مہنگائی کا نیا طوفان اُمڈ آیا، اشیا خورد ونوش، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں کسی جگہ ٹھہر نے کا نام نہیں لے ر ہیں، اسی طرح شہر میں پیاز 250 روپے کلو میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ 5 کلو پیاز 1200 سے1250 روپے میں فروخت ہو تا رہا۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں ادرک 410 روپے کلو لہسن 350، ٹماٹر 60 روپے کلو اور آلو 250 روپے دھڑی فروخت ہوتا رہا، سبز مرچ 70، گاجر 60 مولی 25 اور مٹر 130 روپے کلو میں فروخت ہوتا رہا۔
اسی طرح مرغی کا گوشت 550 فی کلو کے حساب سے فروخت ہوتا رہا ہے 10 کلو آٹے کا تھیلا کا 648روپے جبکہ چکی کا آٹا 170 روپے کلو کے حساب سے فروخت کیا جاتا رہا، دوسری جانب تندوروں پر روٹی کی قیمت میں از خود اضافہ کرکے 20 روپے میں فروخت ہوتی رہی۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ حکومت سستا آٹا اور فائن آٹے کی فراہمی میں مکمل ناکام ہو چکی ہے جبکہ مہنگائی بھی عروج پر ہے۔ شہریوں نے ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔