جہلم میں آوارہ کتوں کی بھرمار سے انسانی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہوگئے

جہلم: آوارہ کتوں کی بھرمار سے انسانی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہوگئے۔
ضلعی انتظامیہ کی مبینہ غفلت سے شہر کے گلیوں بازاروں، قصابو ں کی دکانوں مرغی فروشوں کے پھٹوں کے اردگرد آوارہ کتوں کے غول نظرآتے ہیں جبکہ کتوں کے کاٹنے سے متعدد شہریوں کے زخمی ہونے کے واقعات بھی رونما ہورہے ہیں، ضلع کے دیہاتی علاقوں کی صورتحال بھی شہرسے مختلف نہیں، میونسپل کمیٹی کے اہلکار کتوں کو تلف کرنے کی بجائے خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔
اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات میں اندھیرا ہونے کیوجہ سے اچانک آوارہ کتے گلی، محلوں، چوک چوراہوں بازاروں سے گزرنے والے شہریوں پر حملہ آور ہوجاتے ہیں، بعض اوقات کتوں کے غول قبرستانوں کا رخ کرتے ہوئے قبرستانوں کو اپنی پناہ گاہ بنائے ہوئے ہیں۔
شہری تنظیموں کے عمائدین سمیت عوامی حلقوں نے متعدد بار انتظامیہ سے آوارہ کتوں کو تلف کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے لیکن بے سود رہا۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر / ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔