جہلم شہر میں بیمار جانوروں کا گوشت بھی فروخت ہونے کی اطلاعات

0 34

جہلم: سرکاری سلاٹر ہاؤس کے باوجود قصابوں کی من مانیاں جاری، شہر میں بیمار جانوروں کا گوشت بھی فروخت ہونے کی اطلاعات، موذی امراض پھیلنے کا اندیشہ، ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

میونسپل کمیٹی کی عدم توجہی کے باعث سرکاری سلاٹر ہاؤس ہونے کے باوجو د قصابوں نے شہر کی سڑکوں اور گلی محلوں کو مذبح خانوں میں تبدیل کر رکھا ہے ، شہریوں کو بیمار جانوروں کا مضر صحت گوشت فروخت کیا جا رہا ہے ، انتظامیہ اس امر پر بھی خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے ، جس کی وجہ سے شہر میں موذی امراض پھیل رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مویشی منڈیوں میں ہی لاغر ، بیمار ، نیم مردہ مویشیوں کو سلاٹر ہاؤس پہنچنے سے قبل ہی ذبح کرکے فروخت کر دیا جاتا ہے ۔ اکثر قصاب بیمار، نیم مردہ اور بوڑھے جانور نصف قیمتوں پر یا اس سے بھی کم پیسوں میں خرید لیتے ہیں، جن میں سے اکثر جانوروں کی حالت اس قدر خراب ہوتی ہے کہ انہیں مذبح خانے تک لے جانا بھی مشکل ہوتا ہے، جس کے باعث قصاب انہیںگلی محلوں میں موجود مکانوں کے اندر ذبح کر لیتے ہیں۔

شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ صورتحال کا سختی سے نوٹس لیا جائے، بیمار ، لاغر ، نیم مردہ ، مادہ جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والے قصابوں کے خلاف کارروائیاں کی جائیں تاکہ شہری حفظانِ صحت کے اصولوں کے عین مطابق گوشت خرید کر استعمال کر سکیں۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.