جتنا عرصہ اسمبلی میں رہا پوری ذمہ داری کے ساتھ جہلم کے عوام کی بھرپور نمائندگی کی۔ فواد چوہدری

0 15

پنڈدادنخان: فواد چوہدری نے کہا کہ جتنا عرصہ اسمبلی میں رہا پوری ذمہ داری کے ساتھ ملک کے اعلیٰ ترین ایوان میں جہلم کے عوام کی بھرپور نمائندگی کی۔

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے قومی اسمبلی سے استعفیٰ منظور ہونے کے بعد اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہمارا حلقہ انتہائی پسماندہ تھا۔ سڑکیں،گلیاں کھنڈرات میں تبدیل ہو چکی تھیں، نہر نہ ہونے کی وجہ سے زمینیں بنجر تھیں، پنڈدادنخان اور کھیوڑہ میں پانی کی قلت تھی، اسپتالوں اور تعلیمی اداروں میں ڈاکٹرز، ٹیچرز اور عملے کی کمی تھی۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے منتخب کر کے اسمبلی پہنچایا تو قومی اسمبلی میں جہلم، پنڈدادنخان کے عوام کی بھرپور نمائندگی کی، سب سے پہلے جلالپورشریف تا کندووال نہر شروع کروائی، للِہ جہلم دورویہ سڑک کا منصوبہ شروع کروایا، رابطہ سڑکیں بنوائی، اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور عملے کی کمی پوری کروائی، تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی تعداد پوری کروائی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ تھانہ کچہری اور پٹوار کی سیاست کا خاتمہ کر کے میرٹ کو ترجیح دی، کپتان نے ٹکٹ دیا عوام نے منتخب کیا دونوں کے ساتھ وفاداری کی، وزیراعظم عمران خان سات بار پنڈدادنخان اور جہلم آئے، کپتان نے رجیم چینج کے بعد اسمبلی سے استعفوں کا فیصلہ کیا تو ان کے ہر فیصلے پر لبیک کیا۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ قومی اسمبلی کی نشست تحریک انصاف کی امانت تھی وہ امانت لوٹا دی ہے، خود کو اگلے انتخابات میں جہلم کے عوام کے سامنے پیش کروں گا امید ہے وہ مجھے پھر عزت دیں گے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.