واپڈا نے منگلا بحالی اور اپ گریڈیشن منصوبہ کے پیکیج 11 کیلئے کنٹریکٹ ایوارڈ کر دیا

منگلا: واپڈانے منگلا بحالی اور اپ گریڈیشن منصوبہ کے یونٹ نمبر 9 اور 10 پر مشتمل پیکیج 11 کا کنٹریکٹ جی ای ہائیڈرو فرانس کو ایوارڈ کر دیا۔ کنٹریکٹ کی مالیت 11 ارب 92 کروڑ روپے ہے جس کے تحت منگلا کے یونٹ نمبر 9 اور 10 کی اپ گریڈیشن کی جائے گی۔
معاہدے پرد ستخط کرنے کی تقریب گزشتہ روز واپڈا ہاؤس میں منعقد ہوئی۔ واپڈا کے جنرل منیجر (ہائیڈل) ڈویلپمنٹ احسان اللہ اورجنرل الیکٹرک ہائیڈرو فرانس کے نمائندے ابوبکر نے معاہدے پر دستخط کئے۔ ممبر (پاور) واپڈا جمیل اختر، واپڈا کے سینئر آفیسرز، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔
واپڈا منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی اپ گریڈیشن منصوبے پر کام کر رہا ہے۔ منصوبے کا منظور شدہ پی سی وَن، 52 ارب 22 کروڑ 40 لاکھ روپے پر مشتمل ہے۔ منگلا اپ گریڈیشن منصوبے کو مختلف مراحل میں مکمل کیا جائے گا جس کے تحت ایک وقت میں صرف ایک سرنگ یعنی دو پیداواری یونٹوں کو بند کرکے اْن کی اپ گریڈیشن کی جائے گی۔ منگلا اپ گریڈیشن پراجیکٹ کو 11مختلف پیکجز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
آج ایوارڈ کئے گئے پیکیج 11کے علاوہ9 مختلف پیکجز پہلے ہی ایوارڈ کئے جاچکے ہیں، جبکہ چار پیکجز پر کام مکمل ہو چکا ہے۔ پہلے دویونٹوں کی اپ گریڈیشن 2022ء میں مکمل ہوچکی ہے، جبکہ تمام 10 پیداواری یونٹوں کی اپ گریڈیشن 2026-27ء تک مکمل ہوجائے گی۔
منگلا اپ گریڈیشن منصوبے کی تکمیل پر منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی موجودہ پیداواری صلاحیت ایک ہزار میگاواٹ سے بڑھ کر ایک ہزار 310میگاواٹ ہوجائے گی، جس کی بدولت نیشنل گرڈ کو ہر سال ایک ارب 61 کروڑ یونٹ اضافی پن بجلی مہیا کی جاسکے گی۔
منگلا اپ گریڈیشن پراجیکٹ کیلئے یو ایس ایڈ 150ملین ڈالر بطور گرانٹ اور اے ایف ڈی 90 ملین یورو بطور قرضہ مہیا کررہے ہیں جبکہ بقیہ رقم کا انتظام واپڈا اپنے وسائل کے ذریعے کررہا ہے۔