بیرون ملک سے آئے شہریوں کو لوٹنے والے گینگ کے مزید 2 ملزمان گرفتار

راولپنڈی پولیس نے بیرون ملک سے آئے شہریوں کو لوٹنے والے گینگ کے مزید 2 ملزمان غلام عباس اور عمران کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق تھانہ ریس کورس راولپنڈی نے اب تک گینگ کے 4 ملزمان گرفتار کر لیے ہیں جبکہ ایک ملزم پولیس پر فائرنگ کے دوران ہلاک ہو چکا ہے، گینگ کے ملزمان رابری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ ہیں۔
ملزمان نے راولپنڈی میں بیرون ملک سے واپس آنے والے شہریوں کو لوٹنے کی متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے، ملزمان پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے بھیس میں بیرون ملک سے آئے شہریوں کو لوٹتے تھے۔
ملزمان کی گرفتاری پر ایس پی پوٹھوہار ملک طارق محبوب نے ایس ایچ او ریس کورس اور ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثے سے محروم کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچیں گے۔