پنڈدادنخان سے ملکوال شٹل ٹرین سروس 3 سال بند رہنے کے بعد دوبارہ چل پڑی

0 26

پنڈدادنخان سے ملکوال شٹل ٹرین سروس تین سال بند رہنے کے بعد دوبارہ چل پڑی، تین اضلاع کی عوام خوشی سے نہال، پنڈدادنخان سمیت تمام ریلوے اسٹیشنز ٹرین اور انجن کو جھنڈیوں سے سجایا گیا، ٹرین ڈرائیورز کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے، افتتاح ایڈیشنل سیکرٹری و ڈی ایس پاکستان ریلویز نے کیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک وال اور پنڈدادنخان شٹل ٹرین سروس کو تین سال بعد بحال کر دیا گیا ہے، مذکورہ ٹرین کو کورونا وائرس کی وبا کے دوران بند کیا گیا تھا، یہ ٹریک بند ہونے کی وجہ سے شہری نہ صرف سستے ذرائع آمدورفت سے محروم تھے بلکہ انہیں سامان تجارت کی رسد و ترسیل میں بھی مشکلات کا سامنا تھا۔

میڈیا کی جانب سے مسئلہ کو اجاگر کرنے کے بعد وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی خصوصی دلچسپی سے عوام کی اہم ضرورت کے پیش نظر ملک وال پنڈدادنخان شٹل ٹرین سروس کو بحال کر دیا گیا ہے۔

ٹرین کا افتتاح ایڈیشنل سیکرٹری سید مظہر علی شاہ پاکستان ریلویز مظہر اور ڈی ایس راولپنڈی پاکستان ریلویز انعام اللہ خان، مقامی ایم این اے ناصر اقبال بوسال نے کیا۔

اس موقع پر دیگر ریلوے افسران و معززین علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ ٹرین بحال ہونے سے پنڈدادنخان اور ملک وال ریلوے سٹیشن کی رونقیں بحال ہو گئی ہیں۔ مسافروں کی بڑی تعداد نے ریلوے سٹیشن کا رخ کر لیا۔

مسافروں نے اس موقع پر میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا۔ مسافروں کا کہنا تھا کہ ٹرین بند ہونے سے انہیں شدید مشکلات درپیش آ رہی تھیں۔ ٹرین بحال ہونے سے انہیں سستا و محفوظ سفر مہیا تو ہو گا، تاہم انہوں نے حکام سے کرایوں میں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ شٹل ٹرین اکانومی کلاس کی چار بوگیوں پر مشتمل ہوگی، ٹرین روزانہ 3 چکر لگا ئے گی۔ ٹرین کے دوبارہ اجرا پر خوشیاں منانے والی عوام کا کہنا تھا کہ ٹرین کے 20کلو میڑ کا کرایہ 160روپے رکھا گیا ہے جو انتہائی زیادہ ہے، کرایے کو عوام کی پہنچ تک لایا جائے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.