پنڈدادنخان کے عوام کیلئے خوشخبری، پنڈدادنخان سے ملکوال شٹل ٹرین سروس بحال

پنڈدادنخان: تحصیل پنڈدادنخان کے عوام کیلئے خوشخبری، پنڈدادنخان تا ملکوال شٹل ٹرین کا افتتاح 30 دسمبر بروز جمعہ دن 11 بجے ہو گا، ٹرین کو تین سال قبل کورونا کی وجہ سے بند کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق پنڈدادنخان اور ملکوال کے درمیان چلنے والی ٹرین کو تین سال قبل کورونا کی وجہ سے بند کر دیا گیا تھا جس سے دو تحصیلوں پنڈدادنخان اور ملکوال کے ہزاروں مسافروں کو سفری پریشانی کا سامنا تھا کیونکہ پنڈدادنخان اور ملکوال کے درمیان دریائے جہلم پر ٹریفک پل نہ ہونے کی وجہ سے واحد راستہ ریلوے ٹرین کا ہے اور ٹرین کی بندش سے عوام شدید مسائل کا شکار رہتے ہیں۔
محکمہ ریلوے کے مصدقہ ذرائع کے مطابق عوامی مطالبہ پر ریلوے نے ٹرین کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا افتتاح 30 دسمبر 2022ء بروز جمعہ دن 11 بجے ریلوے اسٹیشن ملکوال پر ہو گا، اس سلسلہ میں چار بوگیاں پہنچا دی گئیں ہیں۔
واضح رہے کہ کورونا سے قبل اس ٹرین کا پنڈدادنخان تا ملکوال 20 کلومیٹر کا کرایہ 30 روپے تھا لیکن اب ریلوے حکام ملکوال کا کرایہ 160 اور ہرن پور تا ملکوال 10 کلومیٹر کا کرایہ 120 روپے متعین کرنا چاہ رہے ہیں جو ایک طرف تو ریلوے کی سستی سفری سہولت کی پالیسی کیخلاف ہے اور دوسری طرف عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔
شہریوں نے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور جنرل منیجر ریلوے ظفر زمان رانجھا سے مطالبہ کیا ہے کہ ملکوال تا پنڈدادنخان کرایہ 50 روپے اور ہرن پور تا ملکوال 40 روپے مختص کیا جائے۔ شہریوں کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ ٹرین کے پنڈدادنخان تا ملکوال کل تین ٹرپ ہیں ان میں سے ایک ٹرپ ملکوال تا کھیوڑہ کا رکھا جائے۔