پنڈدادنخان کے علاقہ دھریالہ جالپ میں پینے کا صاف پانی نایاب، اہلیان علاقہ کا احتجاج

پنڈدادنخان کے علاقہ دھریالہ جالپ میں پینے کا صاف پانی نایاب، اہلیان علاقہ کا احتجاج، سینکڑوں افراد نے احتجاجی ریلی نکالی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ضلع جہلم کی نااہلی سے تحصیل پنڈدادنخان کے متعدد دیہات پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی نعمت سے آج بھی محروم ہیں جبکہ گزشتہ دس سالوں میں پبلک ہیلتھ واٹر سپلائی سکیموں کے نام پر اربوں روپے خرچ کر چکا ہے جس کا گراؤنڈ پر کوئی وجود نہیں، اہلیان غریب وال پانی کی تلاش میں میں دھریالہ موڑ پر پہنچ گئے۔
سینکڑوں مظاہرین نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانا اور غریب وال کی رابطہ سڑک کی فوری تعمیر کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پانی اور سڑک ہماری بنیادی ضرورت اور حق ہے، جب تک ہمارے مطالبہ مکمل نہیں ہوتے احتجاج جاری رہے گا، مظاہرین کی بڑی تعداد اس وقت دھریالہ موڑ پر موجود رہی جہاں پر جلسہ عام کی صورت میں خطابات کا سلسلہ جاری رہا۔