کھیوڑہ پہاڑی ایریا میں ڈمپر نے متعدد گاڑیوں کو کچل دیا، دولہا اور دلہن سمیت 7 افراد جاں بحق، 8 زخمی

0 162

کھیوڑہ/ پنڈدادنخان: وادی توبر کھیوڑہ روڈ پر المناک حادثہ، ڈمپر نے دولہے کی گاڑی سمیت متعدد گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو کچل دیا، دولہا اور دلہن سمیت 7 افراد جاں بحق اور باراتیوں سمیت 8 افراد شدید زخمی ہو گئے، ریسکیو 1122 نےلاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا، ڈرائیور ہسپتال پہنچتے ہی دم توڑ گیا۔

تفصیلات کے مطابق کھیوڑہ سردھی محلہ میں شادی والا گھر ماتم میں تبدیل ہوگیا، پیر کی شام کو کھیوڑہ تا چوآسیدن شاہ روڈ پر پہاڑی ایریا (وادی توبر) میں بریک فیل ہونے سے ڈمپر نے دولہا کی گاڑی سمیت متعدد گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو کچل دیا جس کے نتیجہ میں دولہا، دلہن اور دولہے کی والدہ سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے اور باراتیوں سمیت 8 افراد شدید زخمی ہو گئے۔

دولہے کی کار کے ڈرائیور کو تشویشناک حالت میں سول ہسپتال کھیوڑہ منتقل کیا گیا جوکہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، بارات کی گاڑیوں میں شامل ہائی ایس اور موٹرسائیکل بھی اسی حادثہ کا شکار ہوئے۔

حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں میں دولہا احتشام ولد اکرام ، دلہن طاہرہ، دولہے کی والدہ نورین زوجہ اکرام، مائرہ ولد عبداللہ، مظہر اقبال ولد حاکم خان، نازیہ ولد کمال احمد، شبانہ زوجہ امیر مختار اور زخمیوں میں جہانگیر، شعیب، مسکان، شہباز، علی، نعمان، کائنات اور شایان شامل ہیں، حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کا تعلق کھیوڑہ سے ہے۔

ریسکیو 1122 نے لاشوں اور زخمیوں کوسول ہسپتال کھیوڑہ اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان منتقل کر دیا، تین شدید زخمیوں کو تشویشناک حالت میں راولپنڈی ہسپتال ریفر کردیا گیا، افسوسناک حادثہ کے بعد پورے شہر کی فضا سوگوار اور ہر آنکھ اشک بار ہوگئی۔

ریسکیو ٹیموں کو اندھیرے کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، انتظامیہ نے تحصیل بھر کے ڈاکٹروں اور میڈیکل سٹاف کھیوڑہ ہسپتال پہنچنے کی کال دے دی۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.