دینہ میں ٹرک نے موٹرسائیکل سوار کو کچل دیا، 21 سالہ نوجوان جاں بحق

دینہ: جی ٹی روڈ پر موٹر سائیکل سوار 21 سالہ نوجوان گھر جاتے ہوئے اوور ٹیکنگ کے دوران روڈ پر جا گرا جبکہ پیچھے سے آنے والا تیز رفتار ٹرک اوپر سے گزر گیا، 21 سالہ نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، ریسکیو 1122 نے نوجوان کی میت کو ہسپتال منتقل کیا۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز دینہ کے نواحی علاقہ بگوالہ ڈومیلی کا رہائشی 21 سالہ نوجوان محمد تیمور ولد محمد ظہیر دینہ بس سٹاپ کے قریب اپنے موٹر سائیکل پر گھر جا رہا تھا کہ آگے جانے والی گاڑی کو اوورٹیک کرتے ہو ئے جی ٹی روڈ پر جا گرا اتنے میں پیچھے سے آنے والا تیز رفتار ٹرک اوپر سے گزر گیا۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ نوجوان کا سر بری طرح مسخ ہو گیا اور موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 موقع پر پہنچ گئی اور جاں بحق ہو نے والے نوجوان کی میت کو ہسپتال منتقل کیا، نوجوان کی شناخت جیب میں پڑے شناختی کارڈ سے ہوئی، نوجوان کی میت گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔