قبضہ مافیا کسی صورت قبول نہیں، قبضہ گروپوں کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔ ڈی پی او جہلم

پنڈدادنخان: ڈی پی او جہلم کی تھانہ پنڈدادنخان میں پہلی کھلی کچہری پولیس اورقبضہ مافیا کے خلاف شکایات کے انبار لگ گئے، سب سے زیادہ شکایات تھانہ جلالپور شریف پولیس کے خلاف سامنے آئیں۔ قبضہ گروپ کسی صورت قابل قبول نہیں قبضہ گروپوں کے خلاف بلاتاخیر قانونی کارروائیاں کی جائیں۔ ڈی پی او جہلم ڈاکٹر فہد احمد
تفصیلات کے مطابق تھانہ پنڈدادنخان میں ڈی پی او جہلم ڈاکٹر فہد احمد کی کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں تحصیل بھر سے عوام نے شرکت کی، کھلی کچہری میں آئے سائلین نے پولیس اور قبضہ مافیا کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیئے، سب سے زیادہ شکایات تھانہ جلالپور شریف کے خلاف سامنے آئیں۔
باغانوالہ کے رہائشی محمد قیصر نامی سائل نے تھانہ جلالپور شریف کے خلاف اپنی شکایت درج کرواتے ہوئے کہا کہ گھریلو رنجش کے باعث میرے سسرال والے مسلسل سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں تھانہ جلالپور شریف میں درخواست دیئے کافی ٹائم بیت چکا ہے لیکن پولیس ٹس سے مس نہیں ہورہی دھمکی آمیز میسجیز اور فون کالز کا ریکارڈ ہونے کے باوجود پولیس کارروائی سے گریزاں ہیں۔
علاقہ جالپ سے آئے سائلین نے ڈی پی او جہلم کو قبضہ مافیا بارے آگاہ کرتے ہوئے قبضہ مافیا کی نشاندہی کی جس پر ڈی پی او جہلم نے قانون کے مطابق قبضہ مافیا کو نکیل ڈالنے کی یقین دہانی کروائی۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم ڈاکٹر فہد احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے، پنڈدادنخان میں کھلی کچہری کا مقصد عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا ہے۔ قبضہ مافیا کسی صورت قبول نہیں اور قبضہ گروپوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔
ڈی پی او جہلم ڈاکٹر فہد احمد نے کہا کہ امن امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں گے۔