قلعہ روہتاس اور ٹلہ جوگیاں میں سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ سیکرٹری سیاحت

دینہ: سیکرٹری سیاحت پنجاب احسان بھٹہ کا ضلع جہلم کا دورہ، سیاحتی و شجرکاری منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آثار قدیمہ مقصود احمد، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر سدھیر احمد مغل اور اسسٹنٹ کمشنر جہلم شیزہ رحمان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
سیکرٹری سیاحت نے دورے کے دوران موسم بہار شجر کاری مہم کے تحت قلعہ روہتاس میں پودا لگایا اور روہتاس سو ایکڑ شجرکاری پراجیکٹ سمیت آثار قدیمہ کے جاری تحفظ کے کام کا معائنہ کیا اور محکمہ کی کاوشوں کو سراہا۔ احسان بھٹہ نے سیاحتی مقامات میں ٹلہ جوگیاں ریسٹ ہاؤس کی تزئین و آرائش اور نیشنل پارک کے بارے میں بریفنگ لی۔
انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاحتی مقامات کو ماحول دوست بنانا حکومت پنجاب کا ویژن ہے، سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ محکمہ جنگلات پرعزم ہے کہ حکومت پنجاب کے کلین اینڈ گرین ویژن کو عملی جامہ پہنایا جائے۔ افسران گرین پاکستان مہم کی کامیابی، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو عوامی دلچسپی سے ہم آہنگ بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔
سیکرٹری احسان بھٹہ نے محکمہ جنگلات جہلم کے کام کو سراہا اور مستقبل میں بھی اس لگن کے ساتھ کام کرنے کی امید ظاہر کی۔ بعد ازاں سیکرٹری سیاحت نے ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کی اور ضلع جہلم کے تاریخی مقامات کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔