ڈومیلی میں بارش سے تباہی، ڈپٹی کمشنر کا نوٹس، اسسٹنٹ کمشنر کو نقصان کا تخمینہ لگانے کا حکم

0 22

سوہاوہ: ڈومیلی میں بارش سے تباہی، ڈپٹی کمشنر جہلم کا نوٹس، اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ انعم بابر کو فوری طور پر ڈومیلی میں بارش سے ہونے والے نقصان کے ازالے کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کی ہدایت۔

تفصیلات کے مطابق سوہاوہ کے نواحی علاقے ڈومیلی میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے سے پانی گھروں میں داخل ہو گیا جس سے علاقہ مکینوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ مکان میں پانی داخل ہونے سے لاکھوں روپے مالیت کے سامان کو نقصان پہنچا۔

میڈیا پر خبر آنے کے بعد ڈپٹی کمشنر جہلم کامران خان نے فوری نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ انعم بابر کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر امدادی کارروائی کرتے ہوئے پانی کی نکاسی کریں جس پر اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر کی نگرانی میں انفورسمنٹ انسپکٹر شہزاد، ایم سی کے انجینئر سعید نے اپنی ٹیم کے ہمراہ متاثرہ علاقے کا دورہ کیا۔

انہوں نے متاثرہ گھر سے پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا اور نقصان کی رپورٹ اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ کو پیش کی جبکہ بارش سے یونین کونسل ڈومیلی کا دفتر بھی پانی میں ڈوب گیا تھا جس سے دفتر میں موجود سامان کو جزوی نقصان پہنچا۔

اہل علاقہ نے ڈپٹی کمشنر جہلم اور اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ کی طرف سے فوری نوٹس لینے اور عملی طور پر امدادی کارروائی کے تحت فوری پانی کی نکاسی کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا جبکہ اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ انعم بابر نے میڈیا پر یونین کونسل کے ریکارڈ کو نقصان پہنچنے اور برساتی نالے کی نکاسی میں رکاوٹ کی خبر پر معاملے کی مکمل انکوائری کا بھی حکم دیا۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.