دینہ میں لڈو گیم ہارنے پر نوجوان کو قتل کرنے والے مجرم کو سزا سنا دی گئی

دینہ میں لڈو کھیلتے ہوئے تلخ کلامی کے بعد ایک نوجوان کو قتل کرنے والے مجرم کو عمر قید اور پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔
پنجاب پولیس کی جانب سے دی گئی معلومات کے مطابق’قتل میں ملوث مجرم حسنین جاوید عرف مٹھو کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جہلم نے عمر قید کی سزا سنائی۔‘
پولیس کے مطابق ’مجرم حسنین کی گزشتہ برس لڈو کھیلتے ہوئے صادق حسین کے ساتھ لڑائی ہوئی جس کے دوران حسنین نے صادق علی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔‘
اس مقدمے کے حوالے سے میڈیا کے رابطہ کرنے پر سٹی چوکی دینہ کے محرر وسیم احمد نے بتایا ’پولیس نے واقعے کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا اور چونکہ یہ قتل کا مقدمہ تھا، اس لیے اس کی باقی تفتیش پولیس کے ایچ آئی یو یونٹ نے کی تھی۔‘
قتل کے مقدمات کی تحقیقات کے لیے مخصوص پنجاب پولیس کے شعبے ہومی سائیڈ انویسٹی گیشن یونٹ (ایچ آئی یو) کے اہلکار راشد سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ ’یہ واقعہ 2021 میں دینہ میں واقع ایک سنوکر کلب میں پیش آیا تھا۔‘
ایچ آئی یو اہلکار کے مطابق ’حسنین نے لڈو کھیلتے ہوئے ایک دوسرے شخص صادق علی پر فائرنگ کر دی تھی اور پھر وہ اپنے ساتھی کے ساتھ بائیک پر فرار ہو گیا تھا۔‘ ’قتل کے مجرم کو بائیک کے ذریعے فرار میں مدد دینے والے شخص کو بھی پولیس نے گرفتار کر لیا تھا تاہم اسے کیا سزا ہوئی، اس حوالے سے فوری طور پر معلومات نہیں ہیں۔‘
یاد رہے کہ یہ واقعہ 28ستمبر 2021 کو کیانی سٹریٹ دینہ میں پیش آیا جہاں حسنین عرف مٹھو اور صادق علی نے لڈو گیم کھیلتے ہوئے شرط لگائی کہ ہارنے والا پیپسی کی بوتل پلائے گا۔ جب حسنین ہار گیا تو صادق علی نے اس سے بوتل پلانے کا مطالبہ کیا جس پر دونوں میں تلخ کلامی ہو گئی اور پھر حسنین نے صادق علی پر فائرنگ کر دی جس سے وہ موقعے پر ہی ہلاک ہو گیا تھا۔