نیشنل عوامی پارٹی ضلع جہلم کے سابق صدر مرزا محمد سلیم ٹریفک حادثے میں جاں بحق

0 17

پڑی درویزہ: بزرگ صحافی ، نیشنل عوامی پارٹی ضلع جہلم کے سابق صدر ، سابق ترقی پسند رہنما مرزا محمد سلیم ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔

مرحوم راولپنڈی سے اپنی ذاتی ’’کیری‘‘ پر واپس آرہے تھے کہ تحصیل صدر مقام سوہاوہ سے تھوڑے فاصلے پر پنڈ متے خان پل کے قریب جی ٹی روڈ پر آگے جانے والے ٹرک کی پچھلی طرف سے ٹکرا گئے۔حادثہ اس قدر شدید تھا کہ مرزا سلیم موقع پر جاں بحق ہوگئے۔

میت تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سوہاوہ کی انتظامیہ نے آبائی گاؤں ملہال مغلاں ضلع چکوال میں رابطہ کر کے ورثا کے حوالے کی ۔مرحوم کی عمر 87 برس تھی۔

یاد رہے کہ مرحوم دور جوانی میں کمیونسٹ پارٹی آف پاکستان کے رکن رہے بعد ازاں مختلف ادوار میں نیشنل عوامی پارٹی ضلع جہلم کے صدر، نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی، پاکستان نیشنل پارٹی بزنجو گروپ اور عوامی نیشنل پارٹی ضلع جہلم کے رکن رہے۔ مرحوم ترقی پسند نظریہ سے مخلص رہے کہ تاحیات کئی سیاسی عروج و زوال کے باجود اپنے نظریے کے ساتھ پختہ طور پر وابستہ رہے۔

یاد رہے کہ مرحوم مرزا محمد سلیم سوہاوہ شہر میں مرزا نیوز ایجنسی کے بانی اور صحافت کے تعارف کنندہ تھے ۔ 1983ء میں ضیاء الحق مارشل لا کے خلاف چلائی جانے والی تحریک بحالی جمہوریت ایم آر ڈی کے دوران 16 ایم پی او کے تحت گرفتار ہوئے اور پابند سلاسل بھی رہے ۔ مرحوم کو ان کے آبائی گاؤں ملہال مغلاں ضلع چکوال میں ورثا کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.