حکومت اور وزارت ریلوے کا پنڈدادنخان اور ملکوال کے عوام کی سفری سہولت بحال کرنے کا فیصلہ

0 13

پنڈدادنخان: حکومت اور وزارت ریلوے کی طرف سے پنڈدادنخان اور ملکوال کے عوام کی سفری سہولت بحال کرنے کافیصلہ، محکمہ ریلوے نے گزشتہ حکومت میں بند کی گئی ٹرین کی بحالی کا شیڈول جاری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں 20 مارچ 2020 کو ضلع جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان اور ضلع منڈی بہاؤالدین کی تحصیل ملکوال کے درمیان شٹل ٹرین سروس بند کر دی گئی تھی جس سے دو اضلاع کے کثیر عوام ریلوے سفری سہولت سے محروم ہو گئے تھے۔

دریائے جہلم پر ٹریفک پل نہ ہونے کے باعث عوام کو پنڈدادنخان اور ملکوال کے سفر کیلئے 80 کلومیٹر کا اضافی سفر طے کرنا پڑتا تھا جس سے لوگ اضافی سفری اخراجات کے علاؤہ ذہنی کرب میں بھی مبتلا تھے، تاہم موجودہ حکومت کی طرف سے مذکورہ ٹرین سروس بحال کی جارہی ہے۔

مصدقہ ریلوے ذرائع کے مطابق آئندہ ہفتے میں پنڈدادنخان اور ملکوال کے درمیان ٹرین سروس بحال کردی جائے گی جس کی ٹائمنگ کے مطابق پہلی ٹرین ملکوال سے پنڈدادنخان کیلئے صبح 8 بجے روانہ ہوگی اور پنڈدادنخان سے واپس ملکوال کیلئے 8:45 پر روانہ ہوا کرے گی۔

دوسرے ٹرپ کیلئے ملکوال سے روانگی دن 11 بجے ہوگی اور پنڈدادنخان سے واپسی برائے ملکوال دن 11:45 پر ہو گی، اسی طرح تیسرے ٹرپ میں ٹرین ملکوال سے پنڈدادنخان کیلئے سہ پہر سوا دو بجے روانہ ہوگی جبکہ پنڈدادنخان سے ملکوال کیلئے 3 بجے روانہ ہو گی۔

ٹرین کی بحالی کے حوالہ سے دونوں تحصیلوں کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور لوگ موجودہ حکومت کی اس کاوش کو عوام دوستی قرار دے رہے ہیں۔ واضع رہے کہ اس ٹرین کی بحالی سے پنڈدادنخان، کھیوڑہ کے علاؤہ للِہ، چوآسیدن شاہ، کلر کہار اور چکوال کے لوگوں کو بھی فائدہ ہو گا۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.