آر پی او نے جہلم سمیت راولپنڈی ڈویژن کے 68 ہیڈ کانسٹیبلان کواے ایس آئی کے عہدہ پر ترقی دے دی

دینہ: ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن عمران احمر نے محکمانہ بورڈ کی سفارشات پر راولپنڈی ریجن کے 68ہیڈکانسٹیبلان کو اسسٹنٹ سب انسپکٹر کے عہدہ پر ترقی کے احکامات جاری کر دیئے۔
اہلکاروں کی ترقی کے معیار کو جانچنے کے لیے خصوصی طور پر محکمانہ بورڈ تشکیل دیا گیا تھا جس کی صدارت آر پی او راولپنڈی نے کی جبکہ بورڈ ممبران میں سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی سیدشہزاد ندیم بخاری، ڈی پی او جہلم کیپٹن (ر)محمدعامر خان نیازی ،ڈی پی اواٹک عمر سلامت اور ڈی پی او چکوا ل محمد بن اشرف شامل تھے۔
بورڈ نے تمام اہلکاروں کے بہترین سروس ریکارڈ اور تمام کوائف کی جانچ پڑتال کے بعد اپنی سفارشات مرتب کیں جس پر ترقی کے لیے اہل 68 ہیڈکانسٹیبلان کو اے ایس آئی کے عہدہ پر ترقی کے احکامات جاری کیے گئے۔ ترقی پانے والوں میں ضلع جہلم کے 6، راولپنڈی ضلع کے 42، ضلع اٹک کے 15اور ضلع چکوال کے 5ہیڈکانسٹیبلان شامل ہیں۔ آر پی او راولپنڈی ودیگر ضلعی پولیس افسران نے ترقی پانے والے اہلکاروں کو مبارکبا د دی۔
آر پی او راولپنڈی نے اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس میں ترقی آپکی بہترین کارکردگی سے مشروط ہے آپ نے پہلے بھی محنت اور لگن سے فرائض سر انجام دیئے جس پر آپکو اگلے عہدہ پر ترقی دی گئی اب آپ کی ذمہ داریوں میں مزید اضافہ ہوچکا ہے لہٰذا اب آپ پہلے سے زیادہ محنت، لگن اور دیانتداری سے فرائض سر انجام دیتے ہوئے محکمہ پولیس کے لیے نیک نامی کا باعث بنیں۔
آر پی او نے مزید کہا کہ محکمانہ ترقیوں سے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ انکے مورال میں بھی اضافے کا باعث بنتی ہے۔