للِہ تا جہلم ڈیول کیرج وے کی تعمیر کا کام التواء کا شکار، پرائیویٹ ٹھیکیدار غائب، مسافر پریشان

پنڈدادنخان: ڈپٹی کمشنر صاحب ایک نظر ادھر بھی، جہلم پنڈدادنخان اور للِہ روڈ کی تعمیر کا کام التواء کا شکار، پرائیویٹ ٹھیکیدار غائب، دو سال سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود سڑک کی تعمیر شروع نہ ہو سکی، مسافر پریشان، سڑک کے ساتھ کاروبار مکمل طور پر ٹھپ ہو گئے، نکاسی آب کا نظام بری طرح متاثر، سڑک پر ہر وقت دھول مٹی کا سماں ، کام کٹھائی میں ڈلنے کے باوجود ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی بن چکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم پنڈدادنخان اور للِہ روڈ کی تعمیر کا کام التواء کا شکار ہو چکا ہے پر ذرائع کے مطابق پرائیویٹ ٹھیکیدار معاوضہ نہ ملنے کے باعث غائب ہو چکا ہے جبکہ دو سال سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود نئی سڑک کی تعمیر شروع نہ ہو سکی جس سے مسافراور ٹرانسپورٹر حضرات سخت پریشان ہیں کیونکہ لاکھوں کی گاڑیاں تباہ و برباد ہو کر رہ گئی ہیں۔
سڑک کے ساتھ کاروبار مکمل طور پر ٹھپ ہو گئے ہیںکیونکہ مہنگائی کے دور میں بے روزگار رہنا محال ہے۔ سڑک کی تعمیر کے ساتھ پانی گرانے کا کام نہ ہو رہا جس سے ٹھیکیدار کو لاکھوں روپے کا فائدہ ہے اور عوام سانس جیسی موذی مرض میں مبتلا ہو رہی ہے۔
نکاسی آب کا نظام بْری طرح متاثرہوچکا ہے کیونکہ موجود ٹھیکیدار نے پہلے سے بنی ہوئی پلیاں مٹی ڈال کر بند کر دی ہیں اور سڑک پر ہر وقت دھول مٹی کاسماں رہتا ہے جس سے سڑک کے ساتھ بنے ہوئے ہوٹلز اور گھروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جن کے برتنوں سے آدھا آدھا کلو مٹی برآمد ہوتی ہے۔
کام کٹھائی میں ڈالنے کے باوجود ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے کیونکہ ٹھیکیدار پہلے سے بنی ہوئی سڑک صرف ختم کر کے کھنڈرات میں تبدیل کرنے میں مصروف عمل ہے۔
شہریوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ کچھ کام کر کے دیکھائیں اور اس چیز کا نوٹس لیتے ہوئے سٹرک کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کر کے ضلع جہلم کی عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف دلوائیں۔