منگلا ڈیم بھر گیا، دریائے جہلم میں کسی قسم کی سیلابی صورتحال نہیں ہے۔ ڈپٹی کمشنر جہلم

0 91

منگلا/ دینہ: ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق کی زیر صدارت منگلا ڈیم کے بھرنے کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام ضروری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر حسان طارق، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ، چیف ایگزیکٹو آفیسر محکمہ تعلیم، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122، ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کوآرڈینیٹر صبور ثاقب، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر نبیل علی، ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر واجد حسین، ایکسین ایریگیگیشن مبشر مجید، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی عثمان گوندل اور دیگر تمام محکمہ جات کے سربراہان و نمائندوں نے شرکت کی۔

انجینئر سعید احمد ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 نے سیلابی صورتحال میں پیدا ہونے والے حالات پر بریفنگ دی۔ جس میں سیلابی صورتحال میں لوگوں کو ریسکیو کرنے کے حوالے سے فلڈ سیکٹرز کی تشکیل، ریسکیورز کی سیلاب زدہ علاقوں میں تعیناتی، ہنگامی حالات میں انخلاء کے طریقہ کار کے بارے بریف کیا۔

ڈپٹی کمشنر جہلم نے اس موقع پر کہا کہ منگلا ڈیم میں پانی اپنی حد گنجائش 1242 فٹ تک بھر چکا ہے، منگلا ڈیم سے پانی کا اخراج 40 ہزار سے 60 ہزار کیوسک تک بڑھنے کا امکان ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 7 دن تک بارش کا کوئی امکان نہیں ہے لہٰذا دریائے جہلم میں کسی قسم کی سیلابی صورتحال نہیں ہے۔تمام محکموں کو پہلے سے الرٹ جاری کیا جا چکا ہے ساتھ ہی ساتھ دریا کے قریبی آبادیوں کو بھی الرٹ جاری کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ دریا میں نہانے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی نافذ العمل ہے، شہری دریا میں نہانے سے گریز کریں۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.