پنڈدادنخان کے نواحی علاقہ میں مسلح ڈکیتی، فائرنگ سے ایک شخص زخمی

پنڈدادنخان: تھانہ للِہ ٹاؤن کے علاقےجیٹھل کے قریب مسلح ڈکیتی، فائرنگ سے ایک شخص زخمی، ڈاکو نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق پنڈدادنخان کے تھانہ للِہ ٹاؤن کے علاقہ جیٹھل کے قریب مسلح ڈکیتی کی واردات ہوئی، چار نامعلوم مسلح افراد نے خوشاب سے مرغ کی سپلائی لے کر آنے والی گاڑی کو جیٹھل کے قریب سڑک بلاک کر کے راولپنڈی کے رہائشی فیضان نامی نوجوان سے گن پوائنٹ پر 20 ہزار روپے اور موبائل فون چھین لیا جبکہ دوسری گاڑی سے 15 ہزار روپے نقد چھین لیے۔
ڈاکوؤں نے فیضان نامی نوجوان کو مزاحمت کرنے پر گولی مار دی جس کو انتہائی تشویشناک حالت میں راولپنڈی ریفر کر دیا گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔