للِہ تا جہلم ڈیول کیرج وے منصوبے کی تکمیل پر مزید تاخیر ناقابل برداشت ہے۔ چوہدری عابد اشرف جوتانہ

پنڈدادنخان: چوہدری عابد اشرف جوتانہ نے کہا کہ للِہ انٹرچینج تا جہلم ڈیول کیرج وے منصوبے کی تکمیل پر مزید تاخیر ناقابل برداشت ہے، پی ڈی ایم حکومت فنڈز کا اجرا یقینی بنائے۔
اپنی دھرتی اپنا راج کے روح رواں امیدوار برائے ممبر قومی اسمبلی حلقہ این اے 61جہلم چوہدری عابد اشرف جوتانہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس میگا پروجیکٹ میں تاخیرتحصیل پنڈدادنخان اور تحصیل جہلم کی معاشی تباہی کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ فنڈز کی فراہمی کے لیے جو حربہ استعمال کرنا پڑا وہ کریں گے اور اخری حد تک جائیں گے اس سلسلہ میں عوام نے جو بھی فیصلہ کیا انشاءاللہ فرنٹ لائن پر رہوں گا۔ للِہ انٹرچینج تا جہلم ڈیول کیرج وے منصوبے پر مسلسل تاخیر اور فنڈز کی کمی کے حوالہ سے پرامن احتجاج کی راہ اپنانا پڑی تو ضرور اپنائیں گے۔
چوہدری عابد اشرف جوتانہ نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ اس منصوبے کو فی الفور مکمل کیا جائے اگر اس منصوبے کو ادھورا چھوڑ دیا گیا تو علاقہ کی مزید تباہی و بربادی ہو جائے گی، اس منصوبے کی تکمیل ہمارا حق ہے اور یہ حق ہم ضرور لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل میں تاخیری حربے قبول نہیں، حکمران طبقہ نے اپنے علاقہ میں روڈ ترجیح بنیادوں پر مکمل کروا لی ہے اور دیگر علاقوں کی سڑکوں کوادھورا چھوڑ دیا گیا۔