آمدہ انتخابات کے حوالے سے فی الحال آستانہ عالیہ جلالپور شریف نے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ سید انیس حیدر

پنڈدادنخان: آستانہ عالیہ جلالپور شریف کے گدی نشین پیر سید انیس حیدر نے کہا ہے کہ آستانہ عالیہ جلالپور شریف سے منسوب سوشل میڈیا پر بے بنیاد من گھڑت خبریں پھیلائی جا رہی ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق واسطہ نہیں۔
آستانہ عالیہ جلالپور شریف کے گدی نشین پیر سید انیس حیدر نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آمدہ انتخابات کے حوالے سے فی الحال آستانہ عالیہ کی طرف سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا کہ کس کوگدی کی طرف سے امیدوار نامزد کرنا اور کس کی حمایت کرنی ہے، سوشل میڈیا پر آستانہ عالیہ جلالپور شریف کے متعلق پھیلائی جانے خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عرس مبارک کے موقع پر دعائیہ تقریبات کاانعقاد کیا جاتا ہے اور ذکر و ازکار کی محافل منعقد ہوتی ہیں، عرس مبارک کے موقع پر کسی قسم کے سیاسی فیصلوں یا سیاسی گفتگو کی ہرگز اجازت نہیں ہوتی۔
پیر سید انیس حیدر نے کہا کہ سابق ممبر صوبائی اسمبلی نوابزادہ سید شمس حیدر کو آستانہ عالیہ نے نہ تو امیدوار نامزد کیا ہے اور نہ ہی کوئی سیاسی بیٹھک منعقد ہوئی ہے۔ ایسے تمام فیصلے اپنے عزیز و اقارب اور مریدین کی مشاورت کے بعد کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ فی الحال ملکی اور معاشی حالات اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دیتے کہ ہم قبل از وقت ایسے فیصلے کریں۔ جب وقت آئے گا اس وقت فیصلہ کیاجائے گا کہ آستانہ عالیہ جلالپور شریف نے کس کو اپنا امیدوار نامزد کرنا ہے اور کس کی حمایت کرنی ہے۔