پنڈدادنخان کے پہاڑی علاقوں کے رہائشیوں پر زہریلی مکھی سینڈ فلائی کا حملہ

پنڈدادنخان کے مضافاتی پہاڑی علاقوں میں کئی سال بعد زہریلی مکھی سینڈ فلائی کا دوبارہ حملہ، سینڈ فلائی کے کاٹنے سے متعدد افراد متاثر ہوئے۔
متاثرہ افراد کا تعلق یونین کونسل ساؤوال اور غریبوال کے علاقوں سے ہیں جبکہ جلالپور سے لے کر پیر کھارا تک کے پہاڑی علاقوں کے رہائشیوں کے لیے سینڈ فلائی مکھی کے حملہ آور ہونے کا خطرہ بدستور موجود ہے۔
پورے ضلع جہلم کے کسی بھی طبی سنٹر پر مذکورہ مکھی کے کاٹنے سے متاثرہ مریضوں کے لیے ویکسین کا انتظام نہیں ہے، حکومت پنجاب محکمہ صحت کی طرف سے فوری طور پر تحصیل پنڈدادنخان کے لئے ویکسین کا بندوبست کرکے تحصیل ہیڈ کوارٹر میں مہیا کرے۔
یاد رہے کہ زہریلی مکھی سینڈ فلائی کی پیدائش پہاڑی علاقوں میں جنگلی جانوروں کی رہنے کی جگہ پرہوتی ہے اور عمومی طور پر یہ اپنی جائے پیدائش سے 50 میٹر کے اندر ہی رہتی ہے۔
پنڈدادنخان کے مضافاتی پہاڑی علاقے چوآسیدنشاہ، آڑہ بشارت اور وادی چمکون میں بھی اس کی موجودگی پائی جاتی ہے، سینڈ فلائی کے کاٹنے کے باعث بخار اور اس کے کاٹے کا زخم پورے جسم پر گہرائی میں بڑھتا ہے۔