تحصیل پنڈدادنخان میں ٹمبر مافیا سرگرم، لاکھوں روپے کی قیمتی لکڑی چوری

پنڈدادنخان: محکمہ جنگلات جہلم کی عدم توجہی، تحصیل پنڈدادنخان میں عرصہ دراز سے ٹمبر مافیا سر گرم، قیمتی لکڑی کا کٹاؤ جاری، روزانہ کی بنیاد پر درجنوں ٹریکٹر ٹرالیاں اور ٹرک لوڈ ہونے لگے، ضلعی انتظامیہ جہلم اور محکمہ جنگلات نئے پودے لگانے کی حد تک محدود، ٹمبر مافیا کے خلاف کارروائیوں سے گریزاں، محکمہ جنگلات کے اعلیٰ حکام اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے اصلاح و احوال کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل پنڈدادنخان اور بالخصوص کھیوڑہ پہاڑی علاقہ سے عرصہ دراز سے لکڑی کی غیر قانونی کٹائی کا سلسلہ جاری ہے، کھیوڑہ اور پنڈدادنخان سے صبح اور رات کے اندھیر ے میں جنگلی لکڑی سے بھری ہوئی درجنوں ٹریکٹر ٹرالیاں گزرنا معمول بن چکا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ جنگلات کی مبینہ ملی بھگت سے جنگلی کیکر اور پھلائی کی لکڑی کے کٹاؤ کا سلسلہ عرصہ دراز سے جاری ہے اور متعلقہ ذمہ داران کی آشیر باد سے لکڑی کی بھری ٹرالیاں لکڑی سپلائی کررہی ہیں جبکہ محکمہ جنگلات جہلم پودے لگانے اور فوٹو سیشن تک محدود ہے۔
اہل علاقہ نے محکمہ جنگلات کے اعلی حکام، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق اور ناظم اعلیٰ جنگلات ثاقب محمود سے اپیل کی ہے کہ تحصیل پنڈدادنخان میں ٹمبر مافیا کے خلاف موثر کارروائیاں عمل میں لائی جائیں اور فوری طور پر جنگلات اور پہاڑوں سے لکڑی کی کٹائی کو روکا جائے تاکہ پہاڑوں کا حسن برقرار رہے ۔