تحصیل پنڈدادنخان میں کھیلوں کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کروں گا۔ راجہ شاہنواز

0 58

پنڈدادنخان: جہاں کھیل کے میدان آباد ہوں وہاں کے ہسپتال ویران ہوتے ہیں، کرکٹ ہو یا کبڈی، فٹبال ہو یا والی بال پاکستانی ہر کھیل میں اپنا مقام رکھتے ہیں۔

پنڈدادنخان کے نواحی علاقے ہرن پور میں فٹبال کا ایک نمائشی میچ ہرن پور اور کھیوڑہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس کے مہمان خصوصی امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 27 راجہ شاہ نواز، غلام اکبر منڈاڑھ اور ذیشان اکبر تھے، میچ دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی، دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے دلچسپ کھیل پیش کیا۔

دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول کیا، میچ کے اختتام پر میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ اس موقع پر کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ نمبردار غلام اکبر کی جانب سے پندرہ ہزار جبکہ راجہ شاہ نواز نے دس ہزار روپے انتظامیہ کو انعام دیا۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 27 راجہ شاہ نواز نے کہا کہ ہماری جماعت کا سربراہ چونکہ ایک کھلاڑی ہے، اس لئے ہم کھلاڑیوں کی قدر کرتے ہیں ویسے بھی کھیل ہماری ثقافت کا حصہ ہیں، ہمیں اپنے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر موقع ملا تو تحصیل میں کھیلوں کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کروں گا۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.