پنڈدادنخان کے علاقہ گولپور میں دوران ڈکیتی معصوم بچے کو قتل کرنے والے قاتل گرفتار

پنڈدادنخان پولیس کی بڑی کارروائی، چند ماہ قبل گولپور ڈکیتی میں قتل ہونے والے معصوم بچے کے قاتل گرفتار، سفاک قاتل واردات کے بعد احتجاج میں بھی شامل رہا، ایس ایچ او تھانہ پنڈدادنخان چوہدری عبدالرحمٰن نے اپنی ٹیم کے ہمراہ قاتل کو ٹریس کرکے گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال پنڈدادنخان کے نواحی گاؤں گولپور میں ڈکیتی کے دوران ڈاکوؤں نے مبینہ طور پر فائرنگ کر کے 8 سالہ عزیفہ کو قتل کر دیا تھا، چالاک ملزمان احتجاج میں پیش پیش رہے۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے ایس ایچ او چوہدری عبدالرحمٰن اور ان کی ٹیم کو خصوصی ٹاسک سونپ کر تھانہ پنڈدادنخان تعینات کیا، ایس ایچ او تھانہ پنڈدادنخان چوہدری عبدالرحمٰن نے ملزمان کو گرفتار کرکے شناخت پریڈ کیلئے جیل منتقل کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزمان کا تعلق اسی گاؤں سے ہے جو ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں، مبینہ ملزمان نے قتل کے بعد انتہائی مکاری سے پولیس کے خلاف ہونے والے احتجاج میں بھرپور حصہ لیا اور احتجاج میں پیش پیش رہے۔
سماجی حلقوں کی جانب سے ایس ایچ او تھانہ پنڈدادنخان عبدالرحمٰن اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔