پنڈدادنخان میں خود ساختہ مہنگائی کا طوفان پھل سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

پنڈدادنخان: تحصیل پنڈدادنخان میں خود ساختہ مہنگائی کا طوفان پھل سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، غریب عوام منافع خوروں کے ہاتھوں لٹنے لگے، متعلقہ حکام خاموش تماشائی، قصاب بھی من مانے ریٹ پر لاغر جانوروں کا گوشت فروخت کرنے لگے، غریب مہنگائی کی چکی میں پس گئے۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل پنڈدادنخان اور بلخصوص ضلع جہلم کے دوسرے بڑے شہر کھیوڑہ میں گرانفروشوں نے انت مچا دی، دکاندار پھل سنزیوں کے من مانے ریٹس وصول کرنے لگے جبکہ دکانوں کے علاوہ سڑک کنارے کھڑے ریڑی با ن بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے لگے۔
دوسری جانب تحصیل بھر میں قصاب چکن، بیف اور مٹن کے اپنے اپنے ریٹس مقرر کرکے گوشت فروخت کرنے میں مصروف ہیں جبکہ ذارئع نے انکشاف کیا ہے کہ تحصیل پنڈدادنخان میں قصاب مردہ اور لاغر جانوروں کا گوشت بھی فروغ کر رہے ہیں اور فوڈ انسپکٹر سمیت وٹنری کا عملہ دفتروں تک محدود رہتا ہے۔
انتظامیہ کی بے حسی کے باعث گرانفروش دونوں ہاتھوں سے غریب عوام کو لوٹنے میں مصروف ہیں، ہر ایک نے اپنی من مرضی کے ریٹ وصول کر رہا ہے جبکہ دکانداروں کے پاس ریٹ لسٹیں بھی موجود نہیں ہوتی، پرائس کنٹرول کمیٹیاں غیر فعال ہونے کے باعث غریب خود ساختہ مہنگائی کی چکی میں پسے جا رہے ہیں۔
شہریوں نے کمشنر راولپنڈی اور ڈی سی جہلم سے استدعا کی ہے کہ چیک اینڈ بیلنس کے موثر اقدامات کئے جائیں اور گرانفروشوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔