ضمنی الیکشن؛ فواد چوہدری اور مطلوب مہدی سمیت 10 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے

پنڈدادنخان: حلقہ این اے 67 کا ضمنی انتخاب، سابق وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین، سابق ایم این اے نوابزادہ مطلوب مہدی خان اور سابق تحصیل ناظم چوہدری عابد اشرف جوتانہ سمیت 10 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی فارم جمع کرا دیئے۔
تفصیلات کے مطابق حلقہ این اے 67 جہلم ٹو کے ضمنی انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی فارم کے آخری دن پی ٹی آئی کے سابق وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین، مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے نوابزادہ مطلوب مہدی خان، سابق تحصیل ناظم چوہدری عابد اشرف جوتانہ، پاکستان پیپلز پارٹی کے پیر امیر حمزہ، تحریک لبیک کے قاری اعجاز احمد، راجہ طالب مہدی خان، سینئر قانون دان چوہدری فیصل فرید ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری بار ایسوسی ایشن پنڈدادنخان صاحبزادہ شوکت حیات ایڈووکیٹ، میجر فیض احمد فیض اور راجہ سہیل احمد نے کاغذات نامزدگی فارم جمع کرا دیئے۔
سابق وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین کارکنوں کی بڑی تعداد کے ساتھ آر او آفس پہنچے جبکہ نوابزادہ مطلوب مہدی خان کے ساتھ سابق ایم پی اے پی پی27 حاجی ناصر محمود للِہ، مسلم لیگ ن جہلم کے ضلعی صدر چوہدری بوٹا، چوہدری راشد گھرمالہ سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد موجود رہی۔
اپنی دھرتی اپنا راج کے روح رواں سابق تحصیل ناظم چوہدری عابد اشرف جوتانہ نے اپنی سیاسی قوت کا موثر مظاہرہ کیا۔ ان کے ساتھ سابق تحصیل ناظم راجہ افتخار احمد شہزاد، سابق ایم پی اے راحیلہ مہدی سمیت سیاسی کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 67 جہلم ٹو کی یہ نشست فواد چوہدری کےاستعفے سے خالی ہوئی تھی۔ پنڈدادنخان میں سیاسی گہماگہمی عروج پر رہی، شہر میں سارا دن جلوس اور ریلیوں کا سلسلہ جاری رہا۔ حلقہ این اے 67 میں ضمنی انتخاب 16 مارچ کو ہو گا جبکہ انتخاب موخر ہونے کی چہ میگوئیاں بھی کی جارہی ہیں۔