دینہ پولیس نے چور گینگ پکڑ لیا، 2 کروڑ مالیت کی گاڑیاں، موٹرسائیکلیں اور نقدی برآمد

دینہ پولیس نے چور گینگ پکڑ لیا، دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 8 گاڑیاں، 7 موٹرسائیکل اور 23 لاکھ 10 ہزار نقدی برآمد کر لی گئیں۔ گاڑیوں، موٹرسائیکلز کی چابیاں اور نقدی آر پی او راولپنڈی ریجن، ڈی پی او جہلم اور ایس پی انویسٹی گیشن جہلم نے پریس کانفرنس کے دوران اصل مالکان کے حوالے کیں۔
ضلع جہلم میں کار چوری کے حوالے سے گزشتہ چند ماہ سے مختلف شکایات سامنے آنے پر مختلف تھانہ جات میں سرقہ کارکے مقدمات درج کیے گئے، اس حوالے سے ڈی پی اوجہلم ڈاکٹر فہد احمد نے ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انعم فریال افضل کی سپر ویژن میں ڈی ایس پی ایس ڈی پی او صدر محمد سلیم خٹک کی سربراہی میں انچارج سی آئی اے سٹاف اور ایس ایچ او تھانہ دینہ کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر مقدمات کی یکسوئی اور مسروقہ گاڑیوں کی برآمدگی کا ٹاسک دیا تھا۔
خصوصی ٹیم نے انتھک محنت کے بعد کار چوروں کے خلاف بڑی کاروائی کرتے ہوئے 5 ملزمان گرفتار کر کے دوکروڑ روپے سے زائد مالیت کی 8گاڑیاں 7موٹر سائیکل اور 23لاکھ 10 ہزار نقدی برآمد کرلیں۔ گرفتار ملزمان میں حسن جاویدشاہ سکنہ کھاریاں، اشفاق حسین سکنہ مریدکے شیخوپورہ، عدنان عارف سکنہ ڈونگی آزاد کشمیر، نذیر خان عرف گلاب خان سکنہ منڈی بہاؤالدین اور شہزاد عرف ملک سکنہ کوٹلی آزاد کشمیر شامل ہیں۔
گرفتار ملزمان قبل ازیں گاڑی چوری کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہیں جبکہ گرفتار ملزمان کے انکشافات پر مزید برآمدگی کا تحرک جاری ہے، ملزمان نے دوران تفتیش پنجاب کےمتعدد اضلاع میں گاڑی چوری کی وارداتوں کا انکشاف بھی کیا ہے۔
پریس کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئےآر پی او راولپنڈی نے کہا کہ میں اس پریس کانفرنس کے ذریعے ضلع جہلم کے تمام جرائم پیشہ عناصر کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ جہلم پولیس تمام اقسام کے جرائم پرقابوپانے کیلئے پر عزم ہے، آج اسی سلسلہ میں دوکروڑ روپے سے زائد مالیت کی گاڑیاں، موٹرسائیکلزاور نقدی رقم ملزمان سے برآمد کر کے اصل مالکان کے حوالے کر رہے ہیں۔
ڈی پی او جہلم نے پریس کانفرس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ بھی عوام کے جان وما ل کے تخفط کو یقیناً بنایا جائے گا۔ شہریوں اور میڈیا کے ساتھ اچھے روابط قائم کرنا اور تھانوں میں شہریوں کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آناہماری پولسینگ کا حصہ ہے، جہلم کا میڈیا انتہائی پروفیشنل ہے جو جرائم کے تدارک کیلئے اپنا مثبت کردار اداکررہا ہے جس پر میں ان کا شکرگزار ہوں۔