امیر عبدالقدیر اعوان کی برطانیہ، کینیڈا اور امریکا کے روحانی تربیتی دورہ کے بعد وطن واپسی

دینہ: امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ برطانیہ، کینیڈا اور امریکا کے روحانی تربیتی دورہ کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔
اسلام آباد ائیر پورٹ پر راولپنڈی کے ڈویژنل صدر اور صاحب مجاز حافظ غلام قادری، جنرل سیکرٹری محمد ارشد، اسلام آباد ڈویژن کے امیر چودھری طارق جنرل سیکرٹری، انفارمیشن سیکرٹری کے علاوہ امیر سلطان روہڈھا، ملک افتخار عرف بھٹو، ملک اکبر سیٹھ، ملک نعیم، ملک اکبر، ملک اکرام، اکبر پپو، ملک سرور، ملک سردار خان بھی موجود تھے تمام احباب نے ان کا والہانہ استقبال کیا اور اپنے شیخ کو پھولوں کے گلدستے بھی پیش کیے۔
امیر عبدالقدیر اعوان نے اس روحانی تربیتی دورے کے دوران کینیڈا کی مختلف ریاستوں کی مساجد میں جمعتہ المبارک کے خطابات کیے دیگر کمیونٹیز سے انفرادی ملاقاتیں کی اور انکی دعوت پر کمیونٹی ہالز میں ہونے والے پروگرامات میں بیان کیے۔
اس کے علاوہ مریکا کی 9 ریاستوں جن میں نیو یارک، نیو جرسی اور واشنگٹن ڈی سی شامل ہیں، میں ترتیب شدہ پروگراموں میں خطاب کیے جن میں مسلمز آف امریکا کی میزبانی میں پروگرام بھی شامل ہے ان پروگرامات میں مقامی کمیونٹیز نے بھرپور شرکت کی اور کیفیات قلبی و برکات نبوی ﷺ کی عظیم دولت سے فیضاب ہوئے۔
اس دورے کا آخری پروگرام بعثت رحمت عالم ﷺ کے موضوع پر یو کے کے دارالحکومت لندن میں ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ دین اسلام اللہ اور اللہ کے رسول ﷺ کے ارشادات کانام ہے، اس میں کسی کی بھی ذاتی پسند کو دخل نہیں۔ ہمیں دین اسلام کی ضرورت ہے دین اسلام ہمارا محتاج نہیں ہے۔ اگر اللہ کریم سے بندگی کا رشتہ نصیب ہو جائے تو دنیا کی محبتیں بھی پاکیزہ ہو جاتی ہیں۔
بیرون ملک میں پاکستانی میڈیا نے ان پروگراموں کوبھر پور کوریج دی، اس طرح امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کا یہ روحانی تربیتی دورہ بھرپور کامیابی سے ہمکنار ہوا۔