دینہ میں گراں فروشوں نے عوام کی چمڑی ادھیڑنا شروع کر دی

0 11

دینہ میں انتظامیہ کی ملی بھگت سے خوردو نوش پھل اور سبزیوں کے من مانے ریٹ وصول کیے جانے لگے، پیاز کی قیمت فی کلو 220 روپے وصول کرنے لگے، دوکانداروں نے سرکاری ریٹ کو پاؤں تلے روند دیا ، دوکاندار اور عوام میں لڑائی جھگڑے معمول بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق دینہ میں گراں فروشوں نے عوام کی چمڑی ادھیڑنا شروع کر دی، ریٹ لسٹ پر عمل در آمد کرنا تو دور کی بات تاجروں کی اکثریت بغیر لسٹ کے اشیاء فروخت کر رہی ہے، چیک اینڈ بیلنس کا کوئی نظام نہیں۔

سرکاری ریٹ کے مطابق اول پیاز کی قیمت 198سے 192 جبکہ دوکاندار 220 روپے کلو، اول ٹماٹر 80روپے کلو جبکہ دوکاندار 100 روپے کلو ، گوبھی 30 سے 25 روپے کلو جبکہ دوکاندار 75 روپے کلو فروخت کر رہے ہیں۔

اسی طرح سیب، کیلا اور دیگر پھلوں کی قیمتیں بھی ریٹ لسٹ سے زیادہ قیمتوں پر فروخت کی جا رہی ہیں، انتظامیہ مکمل طور پر خاموش تماشائی بنی ہو ئی ہے، مہنگائی میں پسی عوام پہلے ہی بہت پریشان ہے رہی سہی کثر دوکاندارو ں نے نکال دی۔

شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہو ئے ڈپٹی کمشنر جہلم سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ منافع خوروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تا کہ غریب دو وقت کی روٹی آسانی کے ساتھ کھا سکے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.