بند کمروں میں فیصلے عوام کو قبول نہیں، فواد چوہدری

دینہ: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بند کمروں میں فیصلے عوام کو قبول نہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ معیشت کی منصوبہ بندی کے اہم ادارے پائیڈ کے سروے کے مطابق پاکستان کے شہری علاقوں میں رہنے والے 40 فیصد افراد بیرون ملک جانے کے خواہش مند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں کے 36 فیصد افراد ملک چھوڑ کر کسی‘‘اچھے’’ملک جانا چاہتے ہیں، پائیڈ کا سروے ملک کے حالات کا عکاس ہے۔
PIDE کا سروے ملک کے حالات کا عکاس ہے،اداروں کی قیادت اگر جاگ جائے تو معلوم ہو گا کہ عوام اور اداروں میں فاصلوں میں اتنا اضافہ ہو چکا ہے کہ لوگ ملک چھوڑ کر جانا چاہتے ہیں لےپالک سیاستدانوں اور صحافیوں کو چھوڑیں صورتحال کا ادراک کریں بند کمروں میں فیصلے عوام کو قبول نہیں
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) December 9, 2022
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اداروں کی قیادت اگر جاگ جائے تو معلوم ہو گا کہ عوام اور اداروں میں فاصلوں میں اتنا اضافہ ہو چکا ہے کہ لوگ ملک چھوڑ کر جانا چاہتے ہیں۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ لے پالک سیاستدانوں اور صحافیوں کو چھوڑیں، صورتحال کا ادراک کریں، بند کمروں میں فیصلے عوام کو قبول نہیں۔
پاکستان کے سرکاری تھنک ٹینک کی ایک رپورٹ کے مطابق ایک تہائی پاکستانی موقع ملنے پر کسی ’’اچھے‘‘ ملک جاکر آباد ہونا چاہتے ہیں، بیرون ملک جا کر بس جانے کی یہ خواہش دیہی سے زیادہ شہری آبادی میں پائی جاتی ہے۔