علامہ اقبال کے فلسفہ حیات کو موجودہ نسل تک پہنچانا اساتذہ کا فرض ہے۔ چوہدری غلام احمد زمرد

0 19

دینہ: علامہ اقبال سکول دینہ کے زیر اہتمام ‘‘یوم اقبال‘‘ کے حوالے سے ایک پر وقار اور عظیم الشان تقریب کا اہتمام، تقریب میں مہمانان گرامی طلباء و طالبات، والدین سمیت معززین شہریوں اور صحافیوں کی شرکت۔ سکول ہذا کے بچوں نے اقبال ڈے کے حوالے سے سیر حاصل تقاریر،ڈائیلاگ اور ٹیبلو و ملی نغمے پیش کئے۔

اس موقع پر مہمان خصوصی چوہدری غلام احمد زمرد صدر پاکستان تحریک انصاف ضلع جہلم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال کے فلسفہ حیات کو موجودہ نسل تک پہنچانا اساتذہ کا فرض ہے۔ علامہ محمد اقبال نے زندگی کے کئی رخ دکھائے جن سے رہنمائی حاصل کر کے دنیا میں اعلیٰ مقام حاصل کیا جا سکتا ہے۔ طلباء علامہ اقبال کو پڑھیں انہیں بہتر رہنمائی حاصل ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اقبال کا درس شاہین،اقبال کا درس خودی اور فلسفہ مرد مومن کو حقیقی معنوں میں جان کر انسان دنیا و آخرت میں کامیاب ہو سکتا ہے۔ علامہ اقبال سکول دینہ مستقبل کے معماروں کو حصول تعلیم کے سلسلہ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، علامہ اقبال سکول دینہ میں زیر تعلیم طلباء طالبات کی بہترین تعلیم و تربیت پر سکول کے سٹاف کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

اس موقع پربیرسٹر عبدالقیوم چوہدری چیئرمین سپر ہینڈز چیرٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال نے مسلمانوں کو آزادی عمل، خودداری اور عالمگیر اخوت کا پیغام دیا ہے اور محنت، جفاکشی اور بلند ہمتی کی تعلیم دی ہے،ایمانِ کامل، مستقل مزاجی اور عمل کا درس دیا ہے، علامہ اقبال کا پیغام اسلام کا پیغام ہے، اقبال نے اپنی شاعری میں قرآن کے سمندر سے موتی چنے ہیں،قرآن ایک ایسا آئین زندگی ہے جو ہر دور کے انسان کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں دین اور اسلام کے مطابق زندگی بسر کرنی چاہئے، حضور ﷺ کی سنت پر عمل پیرا ہو کر ہم ترقی کر سکتے ہیں، مجھے فخر ہے کہ ہم قوم کے بچوں کو مفت تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ سکول میں ہی ایک وقت کا کھانا، کتابیں اور یونیفارم بھی مفت مہیا کر رہے ہیں۔ علاقہ اقبال سکول کی پانچ برانچیں بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کر رہی ہیں، اچھے کاموں میں ہر ایک کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔

اس موقع پر علامہ اقبال سکول دینہ کے بچوں نے اردو، انگلش اور عربی میں تقریروں کے ساتھ ساتھ ٹیبلو پیش کیے اور علامہ اقبال کے زندگی کے حوالے سے سوالات کے جوابات کا پروگرام پیش کیا،جسے والدین اور شہریوں نے خوب سراہا۔

دینہ میں غریب و متوسط بچوں کو مفت تعلیم دینے والا سپر ہینڈز چیرٹی کا واحد ادارہ علامہ اقبال سکول دینہ میں یوم اقبال کی شاندار تقریب میں مسز عبدالقیوم چوہدری، سابق پرنسپل سکول ہذا سر شوکت اقبال، معروف صحافی مظہر چوہدری، حاجی اظہر چوہدری، رضوان سیٹھی، سید امیر احمد شاہ، ادریس چوہدری، چوہدری افضل، طیب مشتاق، چیئرمین دینہ سکول کمیٹی چوہدری محمد شفیق، ممبر عبدالخالق، محمد سلیمان سمیت معززین شہریوں اور طلباء و طالبات کے والدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.