وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن اور جہلم فورم کے زیرانتظام سوہاوہ میں ایک اور فلاحی منصوبہ مکمل

0 19

دینہ: وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن دینہ اور جہلم فورم کے زیر انتظام ایک اور فلاحی منصوبہ ”بحالی بجلی برائے ہاسٹل بلاک و ٹیچرز کالونی گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج سوہاوہ ضلع جہلم” مکمل کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج سوہاوہ میں عرصہ دراز سے بجلی کے نظام میں خرابی کی وجہ سے طالبات اور ٹیچرز سخت مشکلات کا شکار تھیں کالج ہذا کی پرنسپل صاحبہ کے رابطہ کرنے پر وسیلہ ویلفیئر اور جہلم فورم کی ٹیم نے کالج کا وزٹ کیا اور انجینئر حاجی صفدر علی نے اس منصوبے کا تخمینہ تیار کیا۔

آنریری برجس ہائی ویکمب الحاج راجہ امیر داد خان نے اس منصوبے کے لئے فنڈز مہیا کئے جس کے بعد منصوبے کو مکمل کر لیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں کالج میں ایک افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی الحاج راجہ امیر داد خان آنریری برجس ہائی ویکمب یوکے، کونسلر راجہ سرفراز خان (سابقہ مئیر ہائی ویکمب یوکے) اور خصوصی شرکت سلیم انور کسانہ (چیئرمین وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن) اور انجینئر حاجی صفدر علی چیئرمین ویلفیئر پراجیکٹس جہلم فورم دینہ برانچ اور سعید مغل سرپرست شان رحمت ویلفیئر سوسائٹی سوہاوہ نے کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے الحاج راجہ امیر داد خان نے منصوبے کی تکمیل پر انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کا فروغ بالخصوص بچیوں کی تعلیم،شعور اور آگاہی ان کی ترجیحات میں شامل ہے اور آئندہ بھی وہ تعلیمی اداروں اور فلاحی کاموں کے لئے حاضر ہیں۔

سلیم انور کسانہ چیئرمین وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن نے اپنے خطاب میں کالج کے لئے فنڈز کی فراہمی پر الحاج راجہ امیر داد خان کا شکریہ ادا کیا اور وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن اور جہلم فورم کے فلاح عامہ کے لئے جاری منصوبوں پر روشنی ڈالی۔

آخر میں پرنسپل کالج ہذا نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.