جماعت اسلامی ہی وہ واحد جماعت ہے جس میں ہر سطح کے الیکشنز بروقت ہو رہے ہیں۔ ڈاکٹر قاسم محمود

دینہ: امیر جماعت اسلامی ضلع جہلم ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری نے ارکان و کارکنان جماعت کے اجتماع میں رقت آمیز آواز میں آئندہ مدت امارت کا حلف اٹھا لیا، حاضرین کی طرف سے استقامت کی دعا۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی ضلع جہلم ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری نے اپنی آئندہ مدت امارت کیلئے حلف اٹھالیا، اس موقع پر ارکان و کارکنان جماعت کی کثیر تعداد موجودتھی ،امیر صوبہ پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم بوجہ اس تقریب میں شریک نہ ہو سکے۔
حلف امارت اٹھانے کے بعد امیر جماعت اسلامی ضلع جہلم ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ تعالی نے یہ ا ہم ترین ذمہ داری میرے کندھوں پر ڈال دی ہے ،اس سے عہدہ برآ ہونے کیلئے مجھے پہلے کی طرح ارکان و کارکنان کے بھر پور تعاون کی ضرورت ہوگی، میں عام کارکن کی طرح جماعت کے کام کرنا چاہ رہا تھالیکن اللہ تعالی نے پھر مجھے اس کام کیلئے چن لیا ہے جس کیلئے میں اللہ تعالیٰ سے مدداور استقامت کیلئے دعا گو ہوں۔
انہوں نے سابق امرائے ضلع کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے کارہائے نمایاں کو حاضرین کے سامنے رکھا۔
سابق امیر ضلع ڈاکٹرمحمد نواز کیانی نے ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری کو حلف امارت اٹھانے پر ان کیلئے استقامت کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اب لوگ جماعت اسلامی کا پیغام سنتے ہیں اور حالات بہت سازگار ہیں صرف محنت اورلگن کی ضرورت ہے۔
امیر تحصیل جہلم مولا نا عبدالمجید جہلمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جماعت اسلامی ہی وہ واحد جماعت ہے جس میں ہر سطح کے الیکشنز بروقت ہو رہے ہیں اور ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری کا آج حلف اٹھانا بھی آج اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
اس پروگرام کا آغاز خطیب جامع تفہیم القرآن دینہ مولانا حامد ربانی کی تلاوت قرآن سے ہوا جبکہ جمعیت کے نو جوان ساتھی ولید قاسم نے نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی۔نقابت کے فرائض ضلعی جنرل سیکرٹری راجہ ندیم احمد نے ادا کئے۔
اس موقع پر صدر جے آئی یوتھ حبیب رضا بٹ بھی موجود تھے۔